حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ خاتم النبیین (ص) شعبۂ خواتین کے زیر اہتمام حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے جشن میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی کے ہاتھوں بہترین کارکردگی کے حامل طلباء اور طالبات میں خصوصی انعامات تقسیم کئے گئے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے جشن میلاد امام علی رضا علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام علی رضا علیہ السلام کی حیات طیبہ عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ آل رسول علیہم السلام نے اپنے پاکیزہ اخلاق اور اعلیٰ کردار سے دین اسلام کی تبلیغ کی اور بنی عباس کی منافقت اور اسلام دشمن کردار کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا: عالمی استکبار کی جانب سے دین اسلام اور امت مسلمہ کے خلاف سازشیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے حال ہی میں مشہد مقدس اور روضہ پاک حضرت امام رضا علیہ السلام کی توہین پر مبنی فلم "عنکبوت مقدس" ریلیز کر کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: اسلام دشمنوں کی جانب سے دین مقدس اسلام، قرآن کریم، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام کی توہین کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے جو کہ سامراجی سازش اور اسلام دشمنی کا حصہ ہے۔ انڈین حکمران جماعت کی ترجمان کی جانب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین شرمناک حرکت ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: امام علی رضا علیہ السلام نے ادیان عالم کے علماء اور نمائندوں سے جو علمی مناظرے کئے ہیں وہ آج بھی دین اسلام کی حقانیت و صداقت کی بہترین دلیل ہیں۔ دین اسلام علم و حکمت اور حضرت محمد و آل محمد کے اخلاق کریمہ کے ذریعے دنیا میں پھیلا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس موقع پر مدرسہ کی طالبات نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شان میں منقبت پیش کی۔ اور گروہ تواشیح نے حضرت حجت خدا امام زمانہ علیہ السلام کی شان میں "سلام فرماندہ" کے عنوان سے منقبت بھی پیش کی۔