حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ شبیری زنجانی نے گزشتہ روز امام رضا علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: تمام ائمہ معصومین علیہم السلام باب الحوائج ہیں اور ہمیشہ ان کی عنایات شیعیان اہلبیت علیھم السلام اور ان سے محبت کرنے والوں کے شامل حال ہوتی ہیں لیکن ائمہ علیہم السلام کے درمیان امام رضا علیہ السلام اور حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کا اس سلسلہ میں خاص مقام ہے۔
اس مرجع تقلید نے کہا: امام رضا علیہ السلام کی کرامات ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے اور ہر زمانے میں لوگوں نے ان سے اپنی حاجات کو حاصل کیا ہے۔
آیت اللہ شبیری زنجانی نے کہا: ایران میں آٹھویں امام علیہ السلام کے حرم کا ہونا خدا کی نعمتوں میں سے ایک ہے۔ ہمیں اس کا قدردان ہونا چاہیے۔ امید ہے کہ ایران میں امام رضاعلیہ السلام کے حرم کی برکتوں کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات برطرف ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا: امام رضا علیہ السلام کی زندگی کی اہم ترین خصوصیات میں سے ایک ان کا علمی مقام و مرتبہ ہے کہ جس کی جانب توجہ نہیں دی گئی ہے۔ آپ کے مناظرے اور مختلف محفلوں میں امام علیہ السلام نے جو علمی مطالب بیان فرمائے ہیں انہیں علمی معاشرے میں بیان ہونا چاہیے۔
آیت اللہ شبیری زنجانی نے کہا: امام رضا علیہ السلام کے مہربانہ اور کریمانہ رویے کی جانب بھی توجہ ہونی چاہیے کیونکہ آج کے معاشرے کو بہتر زندگی گزارنے کے لیے ان کی عملی نمونے کی ضرورت ہے۔