حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حرم مطہر امام رضا (ع) کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا: حضرت امام رضا علیہ السلام کے خادم کا سب سے اہم کام لوگوں کو امام علیہ السلام کا مطیع اور پیروکار بنانا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے ساری شہر کے ہلال احمر ہال میں منعقدہ حرم مطہر امام رضا (ع) میں موجود ایران کے صوبہ مازندران کے خادمین اور معاونین کے ایک بڑے اجلاس میں امام علی نقی الہادی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: اہل بیت علیہم السلام سے محبت خدا کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے اور اس محبت سے بھی جو چیز مہم ہے وہ یہ ہے کہ وہ اس محبت کے ضمن میں مکتبِ اہلبیت علیہم السلام کی ترویج کرے۔
انہوں نے کہا: ائمہ معصومین علیہم السلام کی خدمت کسی خاص وقت اور مقام تک محدود نہیں ہے کیونکہ امام علیہ السلام کسی خاص زمان و مکان کی صورت میں نہیں ہوتا۔
حرم مطہر امام رضا (ع) کے متولی نے کہا: حضرت امام رضا علیہ السلام کے خادم کا سب سے اہم کام لوگوں کو امام علیہ السلام کا مطیع اور پیروکار بنانا ہے۔
انہوں نے کہا: اسلامی روایات میں ائمہ معصومین علیہم السلام کی معرفت کے ساتھ زیارت کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور معصوم ائمہ کی زیارت کے لیے "عارفاً و عالماً بحقه" جیسی تعبیریں موجود ہیں لہذا امام رضا علیہ السلام کے خادم کو بھی سب سے پہلے معرفتِ امام رضا علیہ السلام ہونی چاہیے اور ان کی نورانی تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا چاہیے۔
آستان قدس رضوی (ع) کے متولی نے کہا: ضرورتمندوں کی خدمت اور لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کی توفیق حاصل ہونا بہت بڑی نعمت ہے اور اسے انسان کے خدا کی طرف راغب ہونے کے اہم ترین عوامل میں سے شمار کیا جاتا ہے۔
آستان قدس رضوی (ع) کے متولی نے کہا: ضرورتمند افراد کی خدمت ائمہ اطہار علیہم السلام کے عمل کا ہی تسلسل ہے۔ ضرورتمندوں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور تقسیم میں بہترین اور اعلیٰ معیار کی اشیاء کا انتخاب کیا جانا چاہیے۔ یہ چیز ان کی عزت و آبرو کو برقرار رکھنے میں انتہائی اہم ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا: ضرورتمند اور پسماندہ افراد کی امداد کے پلیٹ فارمز اور خدمت خلق کے کلچر کو معاشرے میں وسعت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا: امام رضا علیہ السلام صرف ایک خاص طبقے کے امام نہیں ہیں، وہ تمام انسانوں کے امام ہیں اور وہ قرآن کے مخاطب اور پوری انسانیت کے ائمہ اطہار علیہم السلام ہیں لہذا یاد رکھیں کہ ائمہ اطہار علیہم السلام کے پرچم تلے موجودگی بھی لوگوں کے تحوّل اور ان کی ہدایت و رہنمائی کا باعث بنتی ہے۔