۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حرم امام رضا (ع) کے متولی

حوزہ/ حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کے نئے سربراہ اعلیٰ کی تعارفی تقریب میں زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا گيا۔ اس تقریب میں آستان قدس رضوی کے متولی اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حرم امام رضا علیہ السلام کی انتظامیہ کے نئے سربراہ اعلیٰ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے اسلامی انقلاب کے بعد حرم مطہر کی توسیع اور تعمیراتی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا(ع) کی نورانی وملکوتی بارگاہ نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد توسیعی منصوبوں کی تکمیل میں نمایاں ترقی کی اور حرم مطہر کے صحنوں اور رواق(ہال) کونہایت خوبصورت اسلامی و ایرانی نقش ونگار کے ساتھ تعمیر کیا گیا،لیکن بہت سا تعمیراتی کام اب بھی باقی ہے۔

حرم امام رضا(ع) کے متولی نے زائرین کی میزبانی میں احترام اور انکساری کے پہلو کو ملحوظ رکھتے ہوئے انہیں فلاحی خدمات فراہم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ اور خادموں پر فرض ہے کہ وہ تمام زائرین کا احترام کریں خواہ ان کی سماجی حیثیت کچھ بھی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ حرم امام رضا(ع) میں کسی قسم کے سیاسی، سماجی، علمی مقام و منصب وغیرہ کی کوئی اہمیت نہیں ہے یہاں پہچنے کے بعد سب امام رضا(ع) کے زائر ہیں۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ حرم امام رضا(ع) کے خادموں کو حضرت امام رضا(ع) اور آئمہ اطہار(ع)کے کردار اور تعلیمات کا پیرو اور مظہر ہونا چاہئے اور حرم مطہر رضوی کا ہر خادم معاشرے میں اخلاقی و دینی اقدار کا سفیر ہے۔

آستان قدس رضوی کے متولی نے وضوخانوں کی توسیع اور بچوں کی نگہداشت کے لئے حرم مطہر میں مناسب جگہ فراہم کرنے کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا زائرین کے احترام کا ایک پہلو یہ ہے کہ انہیں زیارت کے دوران فلاحی خدمات فراہم کی جائیں ،فلاحی خدمات دینی کاموں کا پیش خیمہ ہیں اور اگر ان فلاحی خدمات کو فراہم نہ کیا جائے تو دینی کاموں کی تأثیر بہت کم ہو جاتی ہے۔

انہوں نے روضہ منورہ کے انتظامات میں خادموں اور زائرین کی آراء و تجاویز سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حرم مطہر کی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ حرم کے خادموں اور دیگر تمام خدمت گزاروں کی آراء و تجاویز حاصل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم تیار کرے تاکہ حرم امام رضا علیہ السلام کے انتظامات کو اور بہتر بنایا جا سکے۔

قابل ذکرہے کہ تعارفی تقریب کے اختتام پر حرم مطہر رضوی کے سابق سربراہ اعلیٰ ج محمد مہدی برادران کو ان کی خدمات کے صلے میں اعزاز سے نوازا گیا اور جناب مصطفیٰ فیضی کو باقاعدہ نیا سربراہ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .