۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
حرم حضرت امام رضا (ع) کی خدمتگزار خواتین

حوزہ/ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے جس داخلی دروازے سے بھی آپ حرم مطہر میں داخل ہوں آپ کو نہایت منکسر مزاج اور ہنس مکھ چہروں کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے خادم نظر آئیں گے۔ اگر ایک خادم حرم کے منتظمین میں سے ہے تو دوسرا زائرین کے جوتے رکھنے والی جگہ پر مامور ہے سب کے سب نہایت پرجوش انداز میں آپ کے سلام کا جواب دیتے ہوئے آپ کو خیرمقدم کہیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے جس داخلی دروازے سے بھی آپ حرم مطہر میں داخل ہوں آپ کو نہایت منکسر مزاج اور ہنس مکھ چہروں کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے خادم نظر آئیں گے۔ اگر ایک خادم حرم کے منتظمین میں سے ہے تو دوسرا زائرین کے جوتے رکھنے والی جگہ پر مامور ہے سب کے سب نہایت پرجوش انداز میں آپ کے سلام کا جواب دیتے ہوئے آپ کو خیرمقدم کہیں گے۔

انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ حرم کے کس حصے میں خدمت کر رہے ہیں؛ ہاتھ میں پروں سے بنی چھڑی لئے زائرین کو خوش آمدید کہیں یا حرم کی صفائی و ستھرائی کا کام انجام دیں ،اگرحرم سے باہر کسی عہدہ پر بھی فائز ہوں لیکن یہاں پر اپنے لئے کسی مقام و منصب اور عہدے کے قائل نہیں ہیں ،یہاں فقط پیار و محبت اور مہربانی ہے۔

حرم امام رضا علیہ السلام میں کام کرنے والی خدمت گزار خواتین بھی تمام تر مصروفیت کے باوجود حرم آتی ہیں اورجان و دل سے امام رضا علیہ السلام کی خاتون زائرات کو مختلف خدمات فراہم کرتی ہیں،انہی خدمتکاروں میں سے ایک محترمہ’’صفیہ خانی‘‘ ہیں جو حرم مطہر کے خادمیاری والے حصے میں چند سالوں سے کام کر رہی ہیں،وہ حرم امام رضا علیہ السلام میں خدمت کو لذت بخش اور خوشگوار جانتے ہوئے کہتی ہیں جس طرح بہار کے موسم میں ہر چیز کو دوبارہ سے نئی جان ملتی ہےہمیں بھی اپنی شخصیت کو بنانے کی ضرورت ہے اور حرم امام رضا علیہ السلام شخصیت کو بہتر بنانے اور روحانی رشد و ترقی کا بہترین مکان ہے۔

میں حرم میں امر بالمعروف اور نہی از منکر کے ساتھ ساتھ حرم میں خواتین کی حفاظت پر بھی مامور ہوں،اس مقدس و نورانی بارگاہ میں خدمت کرنے سے مجھے شعور و بیداری اور معرفت کے ساتھ روحانی و معنوی ترقی میں بھی مدد ملتی ہے۔ان دنوں میں بہت اچھے لمحات گزار رہی ہوں اور خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ پھر سے زائرین کی کثیر تعداد حرم مشرف ہورہی ہے اور ان کی خدمت کی توفیق حاصل ہوئی ہے۔

حرم کے خادموں کی میزبانی

حضرت ثامن الحجج(ع) کےخادم ہونے کا شکریہ فقط اس بارگاہ کے زائرین کی صحیح خدمت کر کے ہی کیا جا سکتا ہےاس لئے کسی خادم کے لئے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس کی خدمت کو سب دیکھیں یا نہ۔’’میزبانوں کی خدمت‘‘ بھی اسی طرح کی خدمت ہے ،جس میں خادمیار(خادموں کے معاون) خادموں کی استراحت اور آرام کرنے کے وقت ان کی آسائش و آرام کے لئے تمام وسائل فراہم کرتے ہیں۔

محترمہ’’نسرین جہانی فرد‘‘ کوچار سالوں سے حرم امام رضا علیہ السلام کے اس حصے میں خدمت کا اعزاز حاصل ہے ،کہتی ہیں کہ حرم میں وقت گزرنے کا احساس تک نہیں ہوتا ،میرا کام یہ ہے کہ جب خادم آرام فرماتے ہیں تو ان کی آسائش اور آرام کے لئے تمام سہولیات فراہم کروں تاکہ مزید توانائی کے ساتھ زائرین کی خدمت کر سکیں،رواں سال کی خدمت کا گذشتہ سال کی خدمت میں یہ فرق ہے کہ اس سال زائرین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے خادم کافی تھک جاتے ہیں اوراس کے علاوہ خادموں کے آرام و استراحت کی ٹائمنگ بھی کم کر دی گئی ہے تاکہ جلد سے جلد اپنے کام پر جا کر زائرین کی بہترین انداز میں خدمت کرسکیں۔

محترمہ جہانی فرد کا مزید یہ کہنا ہے کہ میرے لئے اعزاز کا باعث ہے کہ میں حرم امام رضا علیہ السلام کے خادموں کی خدمت کرتی ہوں ہمارا ہر کام ایک طرح سے امام رضا علیہ السلام کے زائرین کی خدمت شمار ہوتا ہےاور ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ حرم امام رضا علیہ السلام کے کس حصے میں فرائض انجام دیں،جوچیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ ہم صحیح طرح سے اپنی اپنی ذمہ داری نبھائیں۔

خدمت کرنے کا بہترین انعام

حرم امام رضا علیہ السلام کے ایک اور خادم کے پاس جاتے ہیں اور ان سے حرم میں خدمت کے بارے میں بات چیت کرتے ہیں۔

محترمہ ’’زیبا سید محمدی‘‘ خواتین کی منیجمنٹ کے حصے میں کام کرتی ہیں،یہ اس خدمت کو امام رضا علیہ السلام کی عنایت سمجھتے ہوئے کہتی ہیں کہ آٹھ سالوں سے حرم امام رضا علیہ السلام میں خدمت کے فرائض انجام دے رہی ہوں لیکن اس سال گذشتہ سالوں کی نسبت نیا تجربہ حاصل ہوا ہے جتنا وقت میرا حرم میں گزرتا ہے اپنے گھر میں رہنے کا احساس کرتی ہوں جیسے میرے اپنے گھر میں جب مہمان آتے ہیں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ ان کی بہتر انداز میں پذیرائی اور خدمت کروں یہاں پربھی میری کوشش یہ ہوتی ہے کہ بہترین انداز میں زائرین کی خدمت کروں،جب کسی زائر کی مدد یا راہنمائی کرتی ہوں اور وہ کہتے ہیں’’ خدا آپ کے والدین کی مغفرت فرمائے‘‘ میرے لئے خدمت کا سب سے بہترین انعام ہے ۔

خداوند متعال نے ہم سب خادموں کو یہ توفیق عنایت کی ہے کہ اچھے اعمال اورمحبت و مہربانی سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی رضایت جو کہ درحقیقت خدا کی رضایت حاصل کر سکیں۔

محترمہ طیبہ جمعہ زادہ بھی پانچ سالوں سے حرم امام رضا علیہ السلام میں خدمت کر رہی ہیں وہ اپنی خدمات کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس مقدس مکان پر خدمت کرنے کی خاص مٹھاس ہے ،میرا کام صفائی و ستھرائی ہے میں حرم کے جس حصے میں کام کرتی ہوں وہاں پر ہر قسم کی گرد وغبار کو فوراً صاف کر دیتی ہوں ، ان دنوں میں زائرین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور رش کی وجہ سے مجھے زیادہ دقت سے کام کرنا پڑتا ہے تاکہ زائرین کے درمیان صفائی و ستھرائی کے ساتھ کام انجام دوں۔

مشہد مقدس میں رہنے والے افراد کے لئے زائرین نعمت ہے

یہ تمام خدمتکار خواتین اپنی مصروفیات کے باوجود یہاں آتی ہیں اور اپنی ہر قسم کی پریشانی کو ایک طرف رکھ کر اپنے آپ کو امام رضا علیہ السلام کے زائرین کی خدمت کے لئے وقف کر دیتی ہیں۔

محترمہ لیلا خدا شناس بھی حرم امام رضا علیہ السلام میں خدمت کرتی ہیں اور ہرہفتہ شاندیز شہر سے مشہد مقدس آتی ہے تاکہ حرم کی خادمی کا سبز لباس پہن کر حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے زائرین کی خدمت کے فرائض انجام دیتی ہے،یہ جوان خادمہ کہتی ہیں کہ میں انوار سیکشن میں خدمت انجام دیتی ہوں جسے انوار داری بھی کہتے ہیں ،میری ذمہ داری یہ ہے کہ میں دعاؤں کی کتب اور سجدہ گاہوں کو صاف کر کے انہیں اپنی اپنی جگہ پر ترتیب کے ساتھ رکھتی ہوں۔

ابتدا میں میرے لئے مشکل تھا لیکن اب چار سال خدمت انجام دینے کے بعد اپنے کام کی عاشق ہوں اور اس خدمت سے لذت محسوس کرتی ہوں ،گذشتہ دو سالوں میں کرونا وائرس کی وجہ سے دعاؤں کی کتب،قرآن کریم وغیرہ کو حرم کے تمام صحنوں اور رواقوں سے اٹھا لیا گیا تھا لیکن خوشبختی سے حالات بہتر ہونے کے بعد انہیں دوبارہ واپس پلٹا دیا گیا ہےاور زائرین و مجاورین ان کتب سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

محترمہ طیبہ مومنیان زادہ بھی حرم امام رضا علیہ السلام کی خاتون خدمتکار ہے یہ اپنی خدمت زائرین کے جوتے رکھنے والی جگہ پر انجام دیتی ہے ،کہتی ہیں کہ ان دنوں میں زائرین کا رش وغیرہ سے ممکن ہے یہ محسوس ہوکہ خدمت کرنے سے تھک جاتی ہوں لیکن یہی زائرین مشہدیوں کے لئے نعمت ہے ،بہت سارے افراد اس مقدس مقام پر خدمت کرنے کی آرزو رکھتے ہیں اور اس توفیق کے حاصل ہونے کے لئے لمحے لمحے کا انتظار کرتے ہیں، اسی خدمت کی وجہ سے حضرت امام رضا علیہ السلام کا لطف و کرم ہمیشہ ہمارے شامل حال رہا ہے ،دعا کرتی ہوں کہ امام ہشتم(ع) کے چہروں پر ماسک کی بجائے ان کے مسکراتے چہرے نظر آئیں۔
محترمہ سیدہ لیلا طہماسبی حرم مطہر کے ہیلتھ سیکشن میں خدمت کرتی ہیں وہ بھی دوسرے خادموں کی طرح دوبارہ زائرین کے مشہد الرضا(ع) میں حاضر ہونے پر بہت خوش ہے ،کہتی ہیں کہ میں خادمیار کے عنوان سے دو سالوں سے ہیلتھ سیکشن میں زائرین کی خدمت انجام دے رہی ہوں میرا کام زائرین میں ماسک اور سیناٹائیز وغیرہ تقسیم کرنا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ خدمت کا بہترین وقت وہ ہے جب بچے اپنے چھوٹے چھوٹے ہاتھوں سے ماسک اور سیناٹائیزر مانگتے ہیں اور میں بہت خوش ہوں کہ ان لمحات کو حرم امام ہشتم(ع) کی خدمت میں تجربہ کرتی ہوں،دعا ہے کہ زائرین کی خدمت کی توفیق سب کو حاصل ہو۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .