جمعہ 3 جنوری 2025 - 06:11
زائرین کی سہولت کے لیے جو بھی کام کریں گے وہ گویا امام رضا(ع) کی خدمت ہے

حوزہ/ آیت اللہ سید یوسف طباطبائی نژاد نے کہا: دشمن جھوٹ پھیلا کر لوگوں کو علماء سے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس وقت ہمیں ورچوئل اسپیس کے دھوکے میں نہیں آنا چاہیے اور ان کی باتوں پر کان نہیں دھرنا چاہیے جیسا کہ قرآن کریم فرماتا ہے: "یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا إِنْ جَاءَکُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَیَّنُوا۔"

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ سید یوسف طباطبائی نژاد نے آج امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے خادموں سے ملاقات کے دوران نعمتِ ولایت کے استعمال اور اس پر شکر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: پہلے مرحلے میں اگر دیکھا جائے تو امام رضا علیہ السلام کے صلواتِ خاصہ کو دیگر ائمہ کے لیے بھی پڑھا جا سکتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں، ہمیں زبانی شکر ادا کرنا چاہیے کہ اللہ نے ہمیں اہل بیت علیہم السلام جیسی نعمت عطا فرمائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اس نعمت کا عملی شکر یہ ہے کہ ہم ائمہ علیہم السلام کے پیروکار بنیں، خاص طور پر امام رضا علیہ السلام کے حوالے سے ہمیں اس نعمت کا شکر ادا کرنا چاہیے جو دشمنوں کی سازشوں کے باوجود ہمیں نصیب ہوئی۔

امام جمعہ اصفہان نے کہا: دشمنوں کو اندازہ نہیں تھا کہ امام رضا علیہ السلام کو ایران بھیجنے کے بعد یہ حالات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے امام کو جلا وطن کرکے اور ولایتعہدی دینے کی پیشکش کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن امام(ع) نے ان کی چالاکیوں کو سمجھتے ہوئے حکومت کے امور میں عدم مداخلت کی شرط پر ولایت عہدی قبول کی۔

آیت اللہ طباطبائی نژاد نے کہا: دشمن یہ سوچ رہا تھا کہ اس اقدام سے امام کو نقصان پہنچائے گا اور دکھائے گا کہ امام حکومت کے خواہاں ہیں لیکن امام رضا علیہ السلام نے اپنی حکمت سے دشمنوں کے ارادے ناکام بنا دیے اور عوام کی محبت امام علیہ السلام سے اور زیادہ ہو گئی۔

انہوں نے امام رضا علیہ السلام کی نعمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: یہ عظیم نعمت خاص طور پر علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے خادموں کے لیے بہت اہم ہے اور انہیں اس نعمت کا زیادہ شکر ادا کرنا چاہیے۔

آیت اللہ طباطبائی نژاد نے کہا: یاد رکھیں کہ زائرین کی سہولت کے لیے جو بھی کام کریں گے وہ گویا امام رضا(ع) کی خدمت ہے۔ لہذا زائرین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا اور ان کی عزت کرنا درحقیقت امام علیہ السلام کی عزت کرنا ہے۔ زائرین کو امام علیہ السلام کا مہمان سمجھنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha