اتوار 24 اگست 2025 - 17:13
حرم امام رضا (ع) میں خدمت، روحانی رشد اور معرفت کا ذریعہ ہے، عزیز فاطمہ رضوی

حوزہ/ محترمہ عزیز فاطمہ رضوی کا کہنا ہے کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں خدمت صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ زائرین کی خدمت کے ذریعے روحانی ارتقا اور معرفتِ الٰہی کا ایک عظیم ذریعہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں خدمات انجام دینے والے خدام ہمیشہ زائرین کے استقبال اور خدمت میں نہایت منکسر مزاجی اور خلوص کے ساتھ مصروف عمل رہتے ہیں۔ کوئی کفش برداری کی جگہ پر مامور ہے تو کوئی حرم کی صفائی و نظافت میں تو کسی کے ہاتھ میں پروں کی چھڑی ہے جو زائرین کو خوش آمدید کہتا ہے اور کوئی زائرین کے آرام و سہولت کا خیال رکھتا ہے۔ ہر خادم اپنے منصب اور عہدے کو فراموش کرکے فقط پیار و محبت اور مہربانی کے جذبے کے ساتھ خدمت کرتا نظر آتا ہے۔

حرم امام رضا (ع) میں خدمت، روحانی رشد اور معرفت کا ذریعہ ہے، عزیز فاطمہ رضوی

ایسے ہی خدام میں سے ایک محترمہ عزیز فاطمہ رضوی ہیں جنکا تعلق ملک ہندوستان سے ہے اور گذشتہ تقریباً پانچ سال سے حرم امام رضا علیہ السلام میں خدمت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ وہ حرم مطہر کے شعبہ اردو زبان میں مقرر کی حیثیت سے مجالس میں خطاب بھی کرتی ہیں اور ساتھ ہی مشہد مقدس میں جامعۃ المصطفیٰ میں ڈاکٹریٹ کی طالبہ ہیں۔ تبلیغ و تحقیق کے میدان میں بھی سرگرم ہیں۔

۳۰ صفر، شہادت امام علی رضا علیہ السلام کے غمناک موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے نے ان سے خصوصی گفتگو کی، جسے قارئین کے لئے سوال و جواب کی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

حوزہ: آپ حرم امام رضا علیہ السلام میں اپنی خدمات کے بارے میں کچھ بتائیے؟

عزیز فاطمہ رضوی: میں گذشتہ پانچ سال سے اس مقدس بارگاہ میں خدمت انجام دے رہی ہوں۔ حرم میں میرا کام امر بالمعروف، نہی از منکر اور خواتین کی حفاظت ہے۔ یہاں خدمت کے دوران مجھے شعور، بیداری اور معرفت کے ساتھ روحانی و معنوی ترقی حاصل ہوتی ہے۔ یہ میرے لئے سب سے بڑا شرف ہے کہ زائرین کی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔

حرم امام رضا (ع) میں خدمت، روحانی رشد اور معرفت کا ذریعہ ہے، عزیز فاطمہ رضوی

حوزہ: حرم میں خدمت کرتے وقت آپ کے احساسات کیا ہوتے ہیں؟

عزیز فاطمہ رضوی: حرم میں وقت کا احساس نہیں ہوتا، بلکہ یوں لگتا ہے جیسے اپنے ہی گھر میں ہوں اور زائرین میرے مہمان ہوں۔ جب کوئی زائر دعا دیتا ہے یا کہتا ہے: "خدا آپ کے والدین کی مغفرت فرمائے" تو میرے لئے یہی سب سے بڑا انعام ہوتا ہے۔

حوزہ: روضہ امام علی رضا (ع) میں خدمت کو آپ کس نگاہ سے دیکھتی ہیں؟

عزیز فاطمہ رضوی: میرا عقیدہ ہے کہ حضرت ثامن الحجج علیہ السلام کے خادم ہونے کا شکر اسی وقت ادا ہو سکتا ہے جب زائرین کی خدمت صحیح طور پر کی جائے۔ ہمارے نزدیک کوئی فرق نہیں پڑتا کہ خدمت کہاں اور کس نوعیت کی ہے؛ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری کو خوش اسلوبی اور خلوص کے ساتھ ادا کریں۔

حرم امام رضا (ع) میں خدمت، روحانی رشد اور معرفت کا ذریعہ ہے، عزیز فاطمہ رضوی

حوزہ: آپ حرم مطہر میں اپنی خدمت کو کس چیز سے تشبیہ دیں گی؟

عزیز فاطمہ رضوی: میں سمجھتی ہوں کہ جس طرح بہار کے موسم میں ہر شے کو نئی جان ملتی ہے، اسی طرح حرم امام رضا علیہ السلام بھی ہماری شخصیت کو نئی روح عطا کرتا ہے۔ یہ بارگاہ انسان کی روحانی نشوونما اور کمالِ انسانی کے لئے بہترین مقام ہے۔

حوزہ: آپ اس موقع پر کیا پیغام دینا چاہیں گی؟

عزیز فاطمہ رضوی: خداوند متعال نے ہم سب خدام کو یہ توفیق دی ہے کہ ہم اپنی خدمات اور محبت و مہربانی کے ذریعے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی خوشنودی حاصل کریں، جو درحقیقت خدا کی خوشنودی ہے۔ میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ مجھے اس نورانی بارگاہ میں خدمت کا شرف نصیب ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha