بدھ 28 مئی 2025 - 14:41
عالمی استکبار سے مقابلہ کرنے کا واحد راستہ "امتِ اسلامی کا اتحاد" ہے

حوزہ/ آستان قدس رضوی کے متولی نے شہر سامرا کے موکب داروں سے خطاب کے دوران امت اسلامی کے درمیان اتحاد اور ہمدلی کو عالمی استکبار کے مذموم عزائم اور تسلط پسندی کا مقابلہ کرنے کا راز قرار دیا اور مسلمانوں کی بیداری اور باہمی یکجہتی کو اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات و اقدار کی حفاظت اور ترویج کے لیے ضروری قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے ولایت ہال میں عراق کے شہر سامرا کے موکب داروں سے ملاقات کے دوران کہا: حضرات معصومین علیہم السلام کی خدمت ایک عظیم نعمت ہے جس کی حقیقی قدر قیامت کے دن ظاہر ہوگی۔ اہل بیت علیہم السلام کی خدمت ایک وسیع اور آفاقی مفہوم رکھتی ہے جو کسی خاص مقام یا جغرافیہ سے محدود نہیں، ہر وہ عمل جو خالص نیت کے ساتھ ائمہ اطہار علیہم السلام کی خوشنودی کے لیے انجام دیا جائے، اس عظیم خدمت میں شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا: اہل بیت علیہم السلام کی خدمت صرف مخصوص لباس پہن کر مقدس روضوں میں طے شدہ ذمہ داریاں انجام دینے تک محدود نہیں بلکہ ہر وہ خیرخواہانہ عمل جو تقربِ معصومین علیہم السلام کی نیت سے انجام پائے، اسی خدمت کا ایک نمونہ ہے۔

آستان قدس رضوی کے متولی نے کہا: ہر زمان و مکان میں انسان خدمتِ اہل بیت علیہم السلام کی راہ میں قدم رکھ سکتا ہے کیونکہ حضرات معصومین علیہم السلام ہمارے اعمال کے ناظر ہیں اور کسی زمان و مکان کے دائرے میں محدود نہیں، اس لیے ان کی خدمت کا میدان صرف روضوں کے نورانی صحنوں تک محدود نہیں بلکہ ساری زمین خدمت کا صحن بن سکتی ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا: امریکہ نے کبھی بھی عراقی عوام کی ہمدردی میں قدم نہیں اٹھایا اور صدام کو اس لیے نہیں گرایا کہ وہ ظلم کا خاتمہ چاہتا تھا بلکہ اس کے پس پردہ صرف ان کے اپنے اقتصادی مفادات تھے۔

انہوں نے مزید کہا: عالمی استکبار کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ "امتِ اسلامی کا اتحاد" ہے۔ ایران و عراق جیسے اہم اسلامی ممالک میں امت اسلامی کا اتحاد، بصیرت اور بیداری عالمی استکبار کے تسلط پسندانہ عزائم کو ناکام بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha