حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی جو کہ اربعین واک میں شرکت کے لیے عراق تشریف لے گئے تھے اس دوران حرم امام حسین (ع), حرم امیر المؤمنین (ع), حرم حضرت عباس (ع), حرم کاظمین (ع)اور حرم عسکرین (ع) کے متولیوں سے جدا جدا ملاقات کی اور زائرین کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا ۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے لاکھوں محبان اہلِ بیت علیہم السلام کی اربعین واک میں شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران و عراق کے مقدس مقامات دونوں ممالک کے مابین اتحاد و یکجہتی کا باعث ہیں ، ائمہ معصومین علیہم السلام کے حرمہائے مطہر کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان اٹوٹ رشتہ قائم ہے ۔
انہوں نے اس بیان کے ساتھ کہ ایران و عراق دو طاقتور اور قدیمی تہذیب کے حامل ملک ہیں کہا کہ بہت سارے ممالک کے پاس اس طرح کی تہذیب اور اقتدار نہیں اس لئے وہ ان دو ممالک کے اتحاد سے خوف کھاتے ہیں ۔
حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عتبات عالیات کی عوامی ہدایت میں اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سماجی اثاثہ میں عتبات عالیات کے مؤثر کردار کا ایک واضح نمونہ اربعین امام حسین علیہ السلام ہے جو عالم اسلام کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔
انہوں نے عراق کی مہمان نواز قوم اور حکومت کا زائرین کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا ۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے مزید یہ کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کے محبوں کا سب سے بڑا اجتماع عراق کے اسکورٹی اداروں ،عراقی پولیس اور حشد الشعبی کے تعاون کے ساتھ ساتھ ایران و عراق کے موکب داروں کی باہمی کاوشوں سے منعقد ہوا ۔