۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے یکم ذوالحجہ حضرت  علی علیہ السلام اور سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے عقد مبارک کی تاریخ پر پوری امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے یکم ذوالحجہ حضرت علی علیہ السلام اور سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے عقد مبارک کی تاریخ پر پوری امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ انسانیت کا ایسا بے مثل جوڑا جن کے گھرانے نے عالم انسانیت کی رہبری کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر گرامی کا عقد جس سادگی سے ہوا وہ سادگی امت مسلمہ کے لئے قابل تقلید ہے۔ اولاد کی تربیت میں سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور مولا علی علیہ السّلام کی سیرت طیبہ نمونہ عمل ہے۔ جب دین خدا پر مشکل وقت آیا تو اولاد فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا نے بے مثال قربانی دے کر دین کی لاج رکھ لی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں جہیز کی لعنت اور شادی کی مہنگی رسومات کے سبب نوجوانوں کی بروقت شادی اور نکاح نہیں ہو پاتا۔ ہمیں چاہئے کہ نوجوانوں کی بروقت شادی کا اہتمام کریں اس سلسلے میں اہل خیر حضرات کو آگے آنا چاہئے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ اولاد کی تربیت کے رہنما اصول ہمیں اہل بیت علیہم السلام سے سیکھنے چاہئیں۔ خانوادہ اہل بیت علیہم السلام میں جن قدسی صفات ہستیوں نے تربیت پائی وہ انسانی کمالات کا مجموعہ تھے۔ شجاعت، فصاحت، قناعت، سخاوت، حلم، علم اور دیگر اعلیٰ انسانی صفات آل رسول علیہم السلام کی ذات میں جمع ہوئیں یہ تربیت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا اعجاز تھا کہ ان کے دامن عصمت میں تربیت پانے والے قدسی صفات ہستیوں کی نظیر تاریخ انسانی نے نہیں دیکھی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .