۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
شہدا کوئٹہ کی برسی

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع بروری کوئٹہ کے زیراہتمام شہدا کی برسی کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع بروری کوئٹہ کے زیراہتمام 6 جولائی 1985 کے شہدا کی برسی کا اہتمام کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق شہدا کی برسی میں ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم عیوض علی ہزارہ، صوبائی رہنما آغا سہیل اکبر شیرازی، مولانا ذوالفقار علی سعیدی، مولانا عبد الحق جمالی، اراکین ضلعی کابینہ اور بروری کے مومنین نے شرکت کی۔

شہدا کی برسی سے حجةالاسلام علامہ سید حسنین عباس گردیزی صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان، علامہ مقصود علی ڈومکی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین پاکستان، علامہ سید ظفر عباس شمسی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان اور علامہ ولایت حسین جعفری نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے خطاب کیا۔

علامہ حسنین عباس گردیزی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: ملت جعفریہ نے وطن عزیز پاکستان میں اپنے حقوق کے حصول کے لئے طویل جدوجہد کی۔ قائد ملت جعفریہ علامہ سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفر حسین اور قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی قیادت میں قابل فخر جدوجہد کی۔

فرزند روح اللہ علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ نے سانحہ 6 جولائی کوئٹہ میں اسراء کی رہائی کے لئے تحریک چلائی اور لانگ مارچ کا اعلان کیا جس کے باعث ضیائی آمریت جھکنے پر مجبور ہوئی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: ملت جعفریہ پاکستان نے ولی خدا حضرت علامہ سید عارف حسین الحسینی شہید کی قیادت میں جو جدوجہد کی وہ ملکی تاریخ کا سنہرا دور ہے۔ تشیع کی سرخ تاریخ خدا کے دین کے لئے قربانیوں سے عبارت ہے۔ شہدائے 6 جولائی کوئٹہ نے دین خدا کی سربلندی اور حسینیت کی راہ میں اپنے پاکیزہ لہو کا نذرانہ پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .