حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کوئٹہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی تینتیسویں برسی کے موقع پر ان کے عظیم اہداف سے تجدید عہد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں قائد شہید کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ فرزند خمینی علامہ سید عارف حسین الحسینی وطن عزیز پاکستان میں سامراج مخالف جدوجہد کی علامت اور اسلام ناب محمدی کے علمبردار تھے۔ آپ نے بہ یک وقت باطل یزیدی قوتوں کے خلاف چومکھی لڑائی لڑی ایک طرف شیطان بزرگ امریکہ کے انسان دشمن سامراجی عزائم کے خلاف آپ نے عوام میں شعور بیدار کیا تو دوسری طرف نام نہاد خادم الحرمین الشریفین کے اسلام دشمن منافقانہ کردار کو بے نقاب کیا۔
ضیائی آمریت اور اس کے جھوٹے وعدوں کی مخالفت کرتے ہوئے آپ نے ضیاء الباطل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔ قائد شہید ؛ نائب امام ولی فقیہ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے باوفا ساتھی تھے آپ نے دانا دشمن اور نادان دوستوں کی سازشوں اور حماقتوں کے باوجود صراط مستقیم یعنی خط خمینی پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔ آپ نے دین اسلام اور نظام ولایت کی راہ میں اپنے پاکیزہ خون کا نذرانہ پیش کیا اور آپ نے اپنی صداقت کی گواہی شہادت کی صورت میں اپنے خون سے دی۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان قائد شہید کے پاکیزہ افکار اور اعلیٰ اقدار کی امین ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام قائد شہید کی 33 ویں برسی کے موقع قرآن و اہلبیت کانفرنس کا انعقاد ملت کو در پیش مسائل کے حل کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان شاءاللہ یکم اگست قائد شہید کی برسی کا اجتماع حسینیوں کی عزت و سربلندی اور قومی بیداری کا دن ہوگا۔