حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملت تشیع کے عظیم قائد شہید عارف حسین الحسینی کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید قائد کی جدائی استعماری طاقتوں کا لگایا گیا وہ زخم ہے جو کبھی مندمل نہیں ہوسکتا۔ عارف حسینی محض کسی شخصیت کا نام نہیں بلکہ جرات و جوانمردی کے ایک ایسیے عہد کا نام ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہری لفظوں سے یاد رکھا جائے گا۔
شہید قائد نے قوم کے وقار پر کبھی آنچ نہیں آنے دی۔انکے کردار و افکار کودنیا کی کوئی طاقت مات نہیں دے سکتی۔ ان کی فکر ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں رہتی دنیا تک زندہ رہے گی اور ان کا کردار کے اظہار میدان عمل میں ہماری موجودگی سے اس وقت تک ہوتا رہے گا جب تک ہماری آخری سانس باقی ہے۔شہید قائد عالمی استکباری قوتوں کے خلاف ایک جراتمند آواز تھے۔
انہوں نے دوستی کے لبادے میں چھپے ہوئے ان دشمنوں کو بے نقاب کیا جومسلمانوں کو آپس میں لڑا کر عالم اسلام کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے تھے۔اتحاد و اخوت کے حقیقی داعی اور وحدت کے پرچارک کو ان طاقتوں نے شہید کرا دیا جو شہید قائد کو مذہبی منافرت کے راستے کی سب سے مضبوط رکاوٹ سمجھتے تھے۔دریں اثنا شہید قائد کی برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔