۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
برمنگھم میں شہید علامہ عارف الحسینیؒ کی 35ویں برسی کا انعقاد

حوزہ/ ادارہ معارف اسلام میں منعقدہ اجتماع سے حجت الاسلام مولانا ابرار حسین الحسینی، حجت الاسلام مولانا سید ظفر عباس نقوی، حجت الاسلام مولانا مشرف حسین الحسینی، حجت الاسلام علامہ ڈاکٹر غلام حسین عدیل اور حجت الاسلام علامہ غلام حر شبیری اور انگریزی زبان کے مقرر مولانا علی الہادی نے خطاب فرمایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کی جانب سے برمنگھم میں قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی برسی کا اہتمام کیا۔ برسی کے اجتماع میں قائد شہید کے عقیدت مندوں نے برطانیہ کے طول عرض سے بھرپور شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق قائد شہید حجت الاسلام علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی پینتیسویں برسی کی مناسبت سے 17 ستمبر بروز اتوار کو ادارہ معارف اسلام برمنگھم میں ایم ڈبلیو ایم برطانیہ نے ایک پروگرام منعقد کیا۔ اس موقع پر اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کی مرکزی کمیٹی کے رکن سید وجاہت علی الحسینی نے سرانجام دیئے۔ سید مبشر حسین نقوی نے قائد شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک ترانہ پڑھا اور نوجوان علی حسین نے انگلش شاعری میں قائد شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اجتماع سے ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے صدر حجت الاسلام مولانا ابرار حسین الحسینی، برمنگھم کے ریزیڈنٹ عالم حجت الاسلام مولانا سید ظفر عباس نقوی، حجت الاسلام مولانا مشرف حسین الحسینی، ہدایت ٹی وی کے ڈائریکٹر اور مجلس علماء امامیہ برطانیہ کے صدر حجت الاسلام علامہ ڈاکٹر غلام حسین عدیل اور حجت الاسلام علامہ غلام حر شبیری اور انگریزی زبان کے مقرر مولانا علی الہادی نے خطاب فرمایا۔ مقررین نے قائد شہید کے حالات زندگی اور افکار و کردار پر مفصل گفتگو کی اور ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کی طرف سے دیار غیر میں اس طرح کے روحانی اور انقلابی اجتماع منعقد کرنے کو سراہا۔

اجتماع میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین حجت الاسلام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کا پیغام بھی بڑی اسکرین پر دکھایا گیا اور قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ پر ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔

آخر میں دعا امام زمانہ (عج) سے اجتماع کا اختتام ہوا۔ ان تمام انتظامات کرنے پر ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے صدر و علماء نے خصوصی طور پر برطانیہ مڈلینڈ برمنگھم اور سینئر نائب صدر ایم ڈبلیو ایم برطانیہ آغا محمد جواد ہزارہ اور ان کے معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ اجتماع کامیاب ہوا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .