حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے کہا ہے کہ خاندان اہل بیت علیہم السلام کی زندگی میں بدحجابی اور تبرج کا کوئی اثر نظر نہیں آتا، لیکن افسوس ہے کہ آج ہمارے معاشرے میں بدحجابی اور بے حجابی کی ایک بڑی وجہ مردوں کی غیرت میں کمی ہے۔
انہوں نے مجلس عزا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیارت عاشورا میں بیس سے زیادہ دعائیں موجود ہیں، جن میں سے ایک یہ ہے کہ انسان کی زندگی اور موت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام کے مشابہ قرار پائے: «اَللّهُمَّ اجْعَلْ مَحْیایَ مَحْیا مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ وَ مَماتی مَماتَ مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ»۔
حجۃ الاسلام رفیعی نے کہا کہ ہماری زندگی کا انداز خاندان عصمت و طہارت کے طرزِ حیات سے بہت مختلف ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قرآن و زیارات کے ذریعے اہل بیت علیہم السلام کے اوصاف کو سمجھ کر اپنی زندگی میں نافذ کیا جائے۔
انہوں نے امام صادق علیہ السلام سے منقول حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور انبیاء علیہم السلام کی زندگی کی دس نمایاں خصوصیات تھیں: یقین، قناعت، صبر، حلم، شکر، حسنِ خلق، سخاوت، شجاعت، جوانمردی اور خاندان کے بارے میں غیرت۔
ان کا کہنا تھا کہ قناعت کا مطلب تنگ دلی نہیں بلکہ اخراجات کی درست نگرانی اور فضول خرچی سے اجتناب ہے، کیونکہ قرآن کے مطابق فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں۔
انہوں نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ اگر مرد حضرات اپنی غیرت کو بیدار کریں اور اہل بیت علیہم السلام کے خانوادے کو اپنا نمونہ عمل بنائیں تو معاشرے سے بدحجابی کے رجحان میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔









آپ کا تبصرہ