۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ حکومت نے سینکڑوں ایف آئی آرز درج کرکے ہماری عبادت اور بنیادی انسانی حق پر حملہ کیا ہے۔ عزاداری کسی پرمٹ کی محتاج نہیں۔ عزاداری کے خلاف ناروا قوانین کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پنجاب حکومت اور پولیس عزاداروں سے متعلق اپنے رویئے کو درست کرے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی کنوینیر عزاداری سیل علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچے۔ جہاں انہوں نے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی و دیگر ذمہ داران سے عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ایام عزا کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر مسجد امام حسین علیہ السلام ملتان میں عزاداری سے متعلق مسائل اور گذشتہ دو سالوں میں عزاداروں کے درج مقدمات پر مشاورت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی ایم ڈبلیو ایم عزاداری سیل کے رکن سید دلاور زیدی معروف قانون دان سید حسنین عباس بخاری ایڈووکیٹ علامہ غلام مصطفیٰ انصاری علامہ سید ظفر عباس شمسی شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری عظیم عبادت اور ہمارا بنیادی حق ہے۔ حکومت نے سینکڑوں ایف آئی آرز درج کرکے ہماری عبادت اور بنیادی انسانی حق پر حملہ کیا ہے۔ عزاداری کسی پرمٹ کی محتاج نہیں۔ عزاداری کے خلاف ناروا قوانین کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پنجاب حکومت اور پولیس عزاداروں سے متعلق اپنے رویئے کو درست کرے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل مجلس وحدت مسلمین مرکزی صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری سیل تشکیل دے گی۔ اور ماہ ذوالحجه میں ملت جعفریہ کے علماء ذاکرین بانیان مجالس پر مشتمل عزاداری کانفرنس منعقد کریں گے۔

آخر میں کہا کہ گذشتہ چند سالوں سے عزاداروں کے خلاف سینکڑوں ایف آئی آرز کے اندراج کا سلسلہ اب رک جانا چاہیے۔ ملت جعفریہ کے علماء ذاکرین اور بانیان مجالس کی مشاورت سے اس متعصبانہ رویے کا سدباب کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .