حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان حجت الاسلام و المسلمین علامہ محمد رمضان توقیر کی مشہد مقدس آمد پر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان مشہد مقدس کی طرف سے ایک صمیمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس نظارت و کابینہ کے اراکین نے مہمان گرامی کو خیر مقدم کہا۔
مہمان خصوصی حجت الاسلام و المسلمین علامہ محمد رمضان توقیر نے نشست کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری سید الشہداء اور زائرین حضرت اباعبد الله الحسین علیہ السلام کے کچھ مسائل ایسے ہیں جن کے حل کے لیے ہم سب کو یکجا ہو کر آواز اٹھانا ہوگی تب جا کر وہ مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء الله ہم سب مل کر آئندہ سال اربعین کے موقع پر زائرین کی مشکلات کے خاتمے کے لیے کوشش کریں گے اور وطن عزیز پاکستان، ایران اور عراق کی حکومتی سطح تک ان مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہیں گے۔
نشست میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
نشست میں مولانا سید عقیل حیدر زیدی، مولانا الفت حسین ساقی، مولانا فیاض حسین عرفانی، مولانا نثار احمد مہدوی، مولانا ڈاکٹر غلام مرتضیٰ جعفری، مولانا محمد حسن غیوری، مولانا محمد الیاس زاہدی، مولانا عون باقر جعفری اور دیگر اراکین شریک تھے۔