حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،یورپ میں آیۃ اللہ سیستانی کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین سید مرتضیٰ کشمیری نے افغانستان کے شیعہ شہداء اور فلسطینی عوام کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی تنظیموں اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو اس ظالمانہ اور وحشیانہ جرم کی شدید الفاظ میں مذمت کرنے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں افغانستان میں شیعہ درجنوں روزے داروں کوافطار کے وقت، انسانیت اور اسلام کی حقیقت سے دور،کینہ پرور اور خبیث دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں شہید اور زخمی کئے جانے پر شدید دکھ اور تکلیف پہنچی۔
آیۃ اللہ سیستانی کے نمائندے نے مزید کہا کہ یہ کینہ پرور اور خبیث دہشت گرد گروہ انسانیت اور اسلام کے معنی سے بے خبر ہے،کیونکہ اسلام عفو در گزر اور ایک مہربان دین ہے،لیکن ان مجرموں نے اس جرم کا افطاری سے کچھ دیر پہلے ارتکاب کر کے اسکول کے معصوم بچوں کو شہید کردیااور ان کے خاندانوں سمیت دنیا کے مسلمانوں کو غمزدہ کیا۔
حجۃ الاسلام و المسلمین کشمیری نے نشاندہی کی کہ ان مصیبتوں اور تباہیوں کے ساتھ ساتھ، ہمیں فلسطینی عوام کے خلاف متعدد میزائل اور بموں اور ظالمانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا،اس طرح کئی بے گناہ مرد و زن اور بچوں کو خون میں لت پت کردیا گیا۔
آخر میں انہوں نے زور دے کر کہاامید ہے کہ مختلف بین الاقوامی اداروں سمیت اقوام متحدہ اور مسلمان رہنماؤں اور حکمران ان بے گناہوں کے خلاف جاری اس ظالمانہ اور وحشیانہ جارحیت کی مذمت کریں گے۔