۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
شیعہ علماء کونسل کراچی کی جانب سے پارا چنار کے شیعہ مسلمانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرہ

حوزہ/شیعہ علماء کونسل پاکستان کراچی ضلع شرقی کی جانب سے کرم ایجنسی میں بیگناہ مسافروں کے قتل عام کے خلاف، آج نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد حسینی پہلوان گوٹھ تا حبیب یونیورسٹی ائیرپورٹ روڈ گلستان جوہر اور جامع مسجد مصطفٰی عباس ٹاؤن تا پیراڈائز بیکری ابوالحسن اصفہانی روڈ پر احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کراچی ضلع شرقی کی جانب سے کرم ایجنسی میں بیگناہ مسافروں کے قتل عام کے خلاف، آج نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد حسینی پہلوان گوٹھ تا حبیب یونیورسٹی ائیرپورٹ روڈ گلستان جوہر اور جامع مسجد مصطفٰی عباس ٹاؤن تا پیراڈائز بیکری ابوالحسن اصفہانی روڈ پر احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے میں شیعہ علماء کونسل ضلع شرقی کے عہدیداران و کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قاتلوں، ذمہ دار عناصر کی فلفور گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

کراچی میں نکالی گئیں ریلیوں سے شیعہ علماء کونسل سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ جعفر سبحانی، مولانا رضی حیدر، مولانا علی رضا ناصری، ایڈوکیٹ جمال ترابی و عمائدین پارہ چنار و دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں اور ذمہ دار عناصر کی فلفور گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت وقت پر ہے، جس میں وہ عملی طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ وزیر اعلٰی کے پی کے کو اپنے صوبے میں امن و امان کے قیام کے بجائے دیگر امور کی زیادہ فکر ہے، جس کی وجہ ضلع کرم کے شہری مشکلات کا شکار ہیں اور بیگناہ انسانوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ پارہ چنار کے راستوں کی بندش کے مسائل آج تک صوبائی حکومت حل نہ کرسکی۔

مظاہرین نے بیگناہ مسافروں کے قتل عام پر حکومت وقت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور صوبہ میں امن و امان قائم کرے، بالخصوص ٹل پارہ چنار شاہراہ کو شہریوں کیلئے محفوظ بنائے۔

ریلیوں کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .