حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر حجۃ الاسلام سید ابراہیم رئیسی نے غزہ کے ایک اسپتال پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی بموں سے اٹھنے والے شعلے جلد ہی صیہونیوں کو تباہ و برباد کر دیں گے۔
ایکس (ٹویٹر)پر اپنی ایک پوسٹ میں حجۃ الاسلام رئیسی نے لکھا: غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کے سروں پر گرائے جانے والے امریکی-اسرائیلی بموں سے اٹھنے والے شعلے جلد ہی صیہونیوں کو اپنی گرفت میں لے لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کی شب اسرائیل نے غزہ کے الاہلی بیپٹسٹ اسپتال پر حملہ کرکے 500 سے زائد بچوں اور لوگوں کو شہید کردیا، تاہم فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اس حملے میں مرنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ بہت سے لوگ ہسپتال کی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 11 دنوں کے دوران اسرائیل نے غزہ پر اندھا دھند بمباری کی ہے جس سے یہ شہر تباہ و برباد ہو گیا ہے اور ہزاروں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں ایک تہائی سے زیادہ بچے ہیں۔