۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
سید شفقت شیرازی

حوزه/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے خارجہ امور کے سربراہ حجت الاسلام شیرازی نے فلسطینی عوام پر انسانیت کش غاصب صہیونی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے خارجہ امور کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید شفقت شیرازی نے فلسطینی عوام پر انسانیت کش غاصب صہیونی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، کل رات غاصب اسرائیل کی غزہ کے ہسپتال میں موجود زخمی بچوں پر بمباری کی مذمت کرتے ہوئے سربراہ مجلس علمائے امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ کربلائے غزہ میں غاصب صہیونیوں کا ہسپتال میں موجود زخمی بچوں پر انسانیت سوز حملہ اسرائیل کی حقیقت کو عیاں کرتا ہے۔ دراصل غزہ میں گھروں، ہسپتالوں اور عوامی مراکز کو نشانہ بنانا اسرائیلی بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔ امریکہ، مغربی ممالک اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے خائن عرب ومسلم حکمران غاصب اسرائیل کی طرف سے فلسطینی نسل کشی میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام عالم اسلام کے حکمرانوں سے اپیل ہے کہ مذمتی بیان یا قرار دادیں پاس کرنا مسئلہ فلسطین کا حل نہیں، بلکہ مسلم امہ کی طرف سے ان جرائم کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ فلسطین کی مکمل آزادی اور غاصبانہ قبضے سے نجات کے لئے ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے۔

سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ہم شہداء کے خانوادہ اور پوری فلسطینی مجاہد قوم کو تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالٰی شہداء کے درجات بلند، انہیں جنت نصیب کرے اور زخمیوں کو جلد از جلد شفایاب فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .