حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میہڑ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل میہڑ کے زیر اہتمام 3 سالہ تحصیل کنوینشن کے بعد لبنان میں حزب اللہ کے جنرل سیکرٹری سید حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے خلاف مرکزی امام بارگاہ سید بچل شاہ کاظمی میہڑ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور غاصب صہیونی حکومت کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی گئی۔
مظاہرے میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، علماء کرام اور دیگر افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع دادو کے صدر حجت الاسلام و المسلمین مولانا مجاہد حسین الحسینی نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ نے راہ حق پر چلتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگ لڑی اور جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید حسن نصر اللہ عالم اسلام کے بہادر لیڈر تھے اور ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ حسینیوں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ مولانا مجاہد حسین نے اعلان کیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ سید ساجد علی نقوی حفظہ اللہ کے حکم پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے اور جمعہ کے روز ملک گیر پر امن احتجاج بھی کیا جائے گا۔
احتجاج کے دوران شیعہ علماء کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔