حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر لاہور پریس کلب کے باہر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام سید مقاومت کی شہادت کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ جس میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے مظاہرین سے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کی پرزور انداز میں مذمت کرتے ہوئے کہا: اسرائیل نے سید حسن نصراللہ کو شہید کرکے اپنی تباہی کو دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا: ملت جعفریہ پاکستان اسرائیل کی اس بربربت پر شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے اپنی زندگی کو القدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کی حمایت کیلئے وقف کر رکھا تھا۔
مقررین نے سید مقاومت کی بے مثال جدوجہد، استقامت اور باطل کے خلاف قیام کو تاریخ اسلام کا ایک روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا: سید مقاومت کی یہ قربانی فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کو مزید تقویت بخشے گی۔
انہوں نے کہا: سید حسن نصراللہ کی شہادت اُمت مسلمہ میں ایک نئے انقلابی جذبے کو جنم دے گی اور وہ خود بھی اپنے ساتھیوں سمیت رہبر معظم انقلاب اسلامی کی قیادت میں، فلسطین کی آزادی اور امریکہ و اسرائیل کی نابودی کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہانے کو تیار ہیں۔