حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاراچنار میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنهای کی مبینہ شہادت کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں رہبرِ معظم کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
مظاہرین مختلف علاقوں سے ریلی کی صورت میں نکل کر پاراچنار پریس کلب پہنچے، جہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے خطیب جامع مسجد پاراچنار علامہ فدا حسین مظاہری، تحریکِ حسینی کے رہنما علامہ عابد حسین الحسینی، انجمن حسینیہ کے سیکرٹری حاجی ضامن حسین، علامہ خیال حسین دانش اور دیگر مقررین نے واقعے کو ایک عظیم سانحہ قرار دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کو اس اقدام کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس کے باوجود ایرانی نظام مزید مضبوط ہو کر ابھرا۔ ان کے بقول رہبرِ معظم کی عظیم قربانی کے بعد ایران اور اسلامی نظام مزید استحکام حاصل کرے گا۔
مقررین نے ایران پر حملوں کے معاملے پر مسلم ممالک کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل سے فوری طور پر سفارتی تعلقات ختم کریں اور ایران کے ساتھ مل کر استعماری قوتوں کے خلاف متحد ہوں۔









آپ کا تبصرہ