حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مریوان کے اہل سنت امام جمعہ مولوی مصطفی شیرزادی نے سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور کہا: سب سے پہلے اس عظیم سانحے پر عالم اسلام، خصوصاً رہبر معظم انقلاب اسلامی اور دیگر اسلامی ممالک اور محورِ مقاومت کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا: شہید سید حسن نصر اللہ برسوں سے اسرائیلی منحوس حکومت کی نیندیں حرام کیے ہوئے تھے اور اسی وجہ سے یہ عظیم اسلامی شخصیت صیہونیوں اور اسلام کے دیگر دشمنوں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن چکے تھے۔
اس اہل سنت عالم دین نے کہا: صیہونی کبھی بھی اس عظیم شہید کا سامنا کرنے کی جرات نہیں رکھتے تھے اور بارہا انہیں قتل کرنے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہے۔ بالآخر گزشتہ جمعہ کو، امریکہ اور برطانیہ جیسے دیگر استکباری ممالک کی مدد سے اس عظیم اسلامی رہنما اور حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل کو ایک بزدلانہ حملے میں شہید کر دیا گیا۔
مولوی شیرزادی نے مزید کہا: اسرائیلی یہ سمجھتے ہیں کہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت سے مقاومت اور حزب اللہ لبنان کمزور ہو جائے گی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اس عظیم شہید اور دیگر شہیدان مقاومت کا خون، اسرائیل کی ظالم اور غاصب حکومت کے خلاف لڑنے والے مجاہدین کی ہمت اور جذبے کو مزید تقویت بخشے گا۔