حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی یوم القدس کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم گلگت کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ قبلہ اول کے دفاع کیلئے متحد ہو جائے اور امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے۔ امریکہ اور اسرائیل کا متعصبانہ رویہ عالمی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے سے مسلم امہ کو سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر، کل نماز جمعہ کے بعد امریکہ و اسرائیل کے خلاف بیت المقدس (یروشلم )کو دارلحکومت تسلیم کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بے نظیر ریسٹ ہاؤس چوک پر امریکہ و اسرائیل کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں حاجی رضوان علی، شیخ عاشق حسین، سید یعسوب الدین اور علی حیدر نے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے اقتدار سنبھالتے ہی مسلمانوں کے خلاف اقدامات اٹھارہے ہیں بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت قرار دینا مسلمانوں کے خلاف بہت بڑی سازش ہے جس کی وجہ سے مسلم امہ کے جذبات ابھارے جارہے ہیں اور صہیونی طاقتیں اسلام و مسلمان دشمنی کے اپنے ناپاک عزائم کو آشکار کر رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف بر سر پیکار رہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف کوئی بھی سازش ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں جس کی وجہ سے مسلمان ممالک میں نفاق بڑھ گیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ مسلمانوں کا آپس میں اتحاد و اتفاق وقت کی عین ضرورت بن چکا ہے تاکہ صہیونی طاقتوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے اور فلسطین کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے نجات دلاتے ہوئے قبلۂ اول کی آزادی یقینی بنائی جا سکے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مسلم امہ کے آپس کے انتشار اور تفرقے کو مسلمانانِ عالم کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا اور اس موقع پر او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔