جمعہ 14 اپریل 2023 - 16:11
پاکستان میں القدس ریلی، اسرائیلی پرچم نذر آتش

حوزہ/ ریلی کے شرکاء کا مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی،ناجائز اسرائیلی ریاست کے خاتمے کا مطالبہ/ متنازع فوجداری بل، صرف ایک ہی مکتبہ فکر کے ترجمان تعلیمی نصاب کو مسترد کرتے ہیں، قراردادیں، ریلی میں وفاق المدارس الشیعہ،جے ایس او کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں شیعہ علماءکونسل کے زیر اہتمام یوم القدس منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد فرزندان توحید نے القدس ریلیاں نکال کر مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ لاہور پریس کلب کے باہر القدس ریلی کی قیادت سیکرٹری شیعہ علماءکونسل پنجاب قاسم علی قاسمی نے کی۔

ریلی میں شیعہ سنی مسالک کے اکابرین، خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی اور اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔ قدس ریلی میں مختلف قراردادیں منظور کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور عالمی برادری سے مسئلہ فلسطین کے حل کا مطالبہ کیا گیا ، اور فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کی مزید تعمیر پر تشویش کااظہار کیا گیا۔

ریلی کے شرکاءنے متنازع فوجداری بل 2021 اور صرف ایک ہی مکتبہ فکر کے ترجمان تعلیمی نصاب کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ زبردستی منظور کی گئی کسی بھی قانون سازی کو تسلیم نہیں کریں گے ۔حکومت تمام مسالک کے لئے قابل قبول نصاب تعلیم تشکیل دے ۔ایک قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع ملک میں جاری معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام سے کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے اور قرار دیتا ہے کہ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ قرارداد کے ذریعے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی اور تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اتنے بڑے سانحات میں سے کسی ایک کے بھی حقائق منظر عام پر نہیں لائے گئے۔ اجتماع میں ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی اور آٹے کے بحران پربھی تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

ریلی میں وفاق المدارس الشیعہ اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما بھی شریک ہوئے۔مرکزی رہنما شیعہ علماءکونسل حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ حسن رضا قمی، حاجی عامر رشید، علامہ اصغر عارف چشتی، مفتی عاشق حسین ،پرویز اکبر ساقی،احتضان کاظمی،چوہدری صغیر عباس ورک، بابا محمد شفیق بٹ،قاری خالد محمود، پروفیسر محمود غزنوی، رانا منان،پیر ایس اے جعفری، پنڈت بھگت لعل،بشپ افضل اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha