۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قدس ریلی سے علمائے کرام و عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی، یوم القدس فلسطینیوں اور بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماءکونسل پاکستان ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں نے چاروں صوبوں، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میںایس او پیز کے تحت یوم القدس منایاگیا۔ تفصیلات کے مطابق شیعہ لماءکونسل پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماءکرام، شیعہ علماءکونسل کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شرکت کی۔

اس موقع پر علماکرام و عہدیداران نے یوم القدس کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔

علماءکرام و مقررین نے جمعہ کے اجتماع میں یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا کر کشمیر و فلسطین کمیٹی بنائی جائے اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا، اور دوسری جانب مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر رہے جو افسوس ناک امر اور اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضہ کو تسلیم کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہورہے ہیں اوراو آئی سی بھی اس ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

یوم القدس کے موقع پر قراددیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیاکہ عوام کا یہ نمائندہ اجتماع عالمی یوم القدس کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے کروڑوں پاکستانی عوام کے ملک کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے ایس او پیز کے تحت کئے گئے احتجاج کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔عوام کا یہ نمائندہ اجتماع یوم علی ؑکے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں ، توہین ، زیادتیاں ، مقدمات کا اندارج بارے واضح کر تا ہے کہ شہری آزادیوں کیخلاف شدید کینہ موجود ہے جو بڑھتا جا رہاہے جس کا اظہار یوم علیؑ پر کئے گئے اقدامات سے واضح اور آشکارہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام ایف آئی آر ز ختم کی جائیں ۔

عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتا ہے اور اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے۔یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی طرف سے غاصب‘ غیر قانونی اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی کھلی سرپرستی کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ کروڑوں عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں اور اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے ہوئے قبلہ اول کو آزاد کرے۔یہ اجتماع اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر جیسے توسیع پسندانہ فیصلوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔آج کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگامی کے طوفان بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور دیگر مسائل پر تشویش کا اظہارکرتا ہے ۔ کرپشن اور بدعنوانی کا دور دورہ ہے جو ملک کو لمحہ بہ لمحہ تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے ان حالات میں یہ نمائندہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شفاف اور غیر جانبدار احتساب کے عمل کو جاری کرے‘ ہوشربامہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پائے‘ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے اور بگاڑ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔آج کایہ نمائندہ اجتماع ملک بھر کے مختلف شہروں کے بانیان مجالس و جلوس عزااور ماتمی دستوں کے سالار و شخصیات کو بلاوجہ فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ فورتھ شیڈول لسٹ میں درج کئے گئے تمام افراد کے ناموں کونکالا جائے ۔

آخر میں اس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .