حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر مرکزی القدس کمیٹی کے زیر اہتمام شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کے خلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیا۔جس میں علماء کرام، شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں القدس ریلی کی قیادت سید جاوید حسین صدر شیعہ علماء کونسل وفاقی علاقہ اسلام آباد،علامہ سید علی بنیامین نقوی سینئر نائب صدر وفاقی علاقہ اسلام آباد، تصور عباس جاڑاجنرل سیکرٹری وفاقی علاقہ اسلام آباد، علامہ سجاد حسین کاظمی، علامہ سید وزیر حسین کاظمی، علامہ سید محسن عباس نقوی، علامہ مہر فرحت حسین، علامہ سید نقی عباس ہمدانی، علامہ سید مظہر عباس کاظمی، علامہ محمود یعسوبی نے کی۔
علماکرام نے یوم القدس کی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا، اور دوسری جانب مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر رہے جو افسوس ناک امر اور اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضہ کو تسلیم کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہورہے ہیں اوراو آئی سی بھی اس ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ یوم القدس کے موقع پر قراردادیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیاکہ یہ نمائندہ اجتماع یوم القدس کے موقع پرقائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پروفاقی علاقہ اسلام آباد،صوبوں اور آزاد کشمیر کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی اورصہیونی مظالم کے خلاف احتجاجی اجتماعات کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اورغزہ پٹی پرشدیداوربے رحمانہ حملوں اور نسل کشی کی مذمت کرتا ہے اور مجبور اوربے کس فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے۔یہ احتجاجی اجتماع جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظلوم اورنہتے فلسطینی عوام پرظالمانہ بمباری کی بھرپور مذمت کرتاہے۔یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی جانب سے غاصب، جارح اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی سرپرستی اورکھلی حمایت کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ عوامی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے ظالم و جابر اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں۔عوام کا یہ نمائندہ اجتماع آزادی، حریت اور استقلال کی علامت اور عالم اسلام کی برجستہ شخصیات سیدحسن نصراللہ، اسماعیل ہانیہ اور یحی السنوار سمیت ہزاروں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو امت مسلمہ کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیتا ہے۔یہ اجتماع حکومت پاکستان سے پُرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی بھرپور اور پُرزور سیاسی اور سفارتی کوششوں کے ذریعہ سامراج کو مجبور کرے کہ وہ صہیونی ریاست کو مظالم روکنے اورجنگ بندی پر مجبور کرے۔
عوام کا یہ نمائندہ اجتماع کرم، پاراچنارکے مظلوم شہریوں کے قتل عام، کئی ماہ سے جاری محاصرے، آمد و رفت کے راستوں کی مسلسلبندش،ادویات اور اشیاء خوردنوش کی قلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت خیبرپختونخوا سیپُرزور مطالبہ کرتا ہے کہ شہریوں کے جانومال، آمد و رفت کے راستوں کا تحفظ،ادویات اور اشیاء خوردنوش کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
یہ نمائندہ اجتماع کمرتوڑ مہنگائی بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے، بیروزگاری اور امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کااظہارکرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہوشربامہنگائی، بے روزگاری اوربدامنی پر قابو پاتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
آخر میں اس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
آپ کا تبصرہ