۱۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۷ شوال ۱۴۴۵ | May 6, 2024
روز قدس

حوزہ / ترجمان شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ نے کہا: غاصب صہیونی ریاست کی  جارحیت کےخلاف، مظلومینِ فلسطین  کےساتھ اظہا ریکجہتی اور بیت المقدس پر صہیونی تسلط سے آزادی کےلئے سندھ کے تمام اضلاع و تحصیلات میں یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ محترم علی نقوی نے کہا: رہبر کبیر حضرت آیۃاللہ امام خُمینیؒ کے فرمان اور نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی حفظہ اللہ کی اپیل پر پورے پاکستان کی طرح سندھ بھر میں یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائیگا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے ترجمان محترم علی نقوی نے صوبائی دفتر سے جاری بیان میں کہا کہ غاصب صہیونی ریاست کی جارحیت کےخلاف ، مظلومینِ فلسطین کےساتھ اظہا ریکجہتی اور بیت المقدس پر صہیونی تسلط سے آزادی کےلئے سندھ کے تمام اضلاع و تحصیلات میں یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائیگا، اس سلسلے میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز سمیت اضلاع و یونٹ میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، سمینار اور کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا۔

صوبائی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی خصوصی ہدایات پر سندھ بھر کے علماء کرام و آئمہ جمعہ حضرات سے درخواست کرتے ہیں کہ جمعے کے خطبات میں خصوصی طور پہ مظلومین فلسطین و کشمیر کو یاد رکھیں اور ان پر ہونے والے مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے امیر المومنین حضرت علیؑ کی وصیت کے مطابق ظالم سے کھل کے اظہار برائت کریں۔

یوم القدس کے موقع پر جمعہ کے روز صوبے بھر میں منعقد کی جانے والی ریلیوں سمیت دیگرپروگرامز میں صوبائی مجلس عاملہ کے ارکان بھرپور شرکت کرتے ہوئے صہیونی دہشتگردوں اور ان کے آلہ کار وں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

محترم علی نقوی نے مزید کہا: یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے،انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ادارو ں کو اسرائیلی جارحیت کیوں نظر نہیں آتی ؟ حالیہ ایام میں فلسطینی مظلوم عوام پر اسرائیلی فوج کی جارحیت قابل مذمت ہے ، مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں، غاصب صہیونی ریاست کے خاتمے اورفلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، نیز پاکستان میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات سخت تشویشناک ہیں، غاصب اسرائیل کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعلقات کی بحالی قبول نہیں کی جائیگی بلکہ قائد اعظم محمد علی جناح (رح) کے فرمان کی روشنی میں ہم ہمیشہ ایسے مذموم اقدامات کے سامنے کھڑے نظر آئینگے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .