حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈنمارک میں قرآن پاک اور ترکی کے قومی پرچم کی توہین کے باعث ڈنمارک کے سفیر کو اس ملک کی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا ہے۔
ترکی کی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈنمارک میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن شریف اور ترکی کے قومی پرچم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتی ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، آزادی بیان کے بہانے اس قسم کی حرکت کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے، ترکی کی وزارت خارجہ کے بیان میں مغرب میں اسلامو فوبیا کےتیزی سے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اس میں مغربی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس قسم کی حرکتوں سے پرہیز کریں کیوں کہ اس طرح کے کام سے دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ مارچ میں بھی ڈنمارک میں ایک شدت پسند گروپ نے ملک کے دارالحکومت میں ترکی کے سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کے نسخے اور ترکی کے پرچم کو نذر آتش کر دیا تھا، ترکی کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت کئی مسلم ممالک نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا، یاد رہے کہ اس وقت مغربی ممالک میں آزادی بیان کی آڑ میں اسلام فوبیا کو فروغ دیا جا رہا ہے۔