۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مجلس علمائے ہند

حوزہ/ مجلس علمائے ہند تمام علمائے کرام ،ملّی اداروں اور سبھی مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ 29 رمضان المبارک کو جمعۃ الوداع کے روز بعد نماز جمعہ احتجاج میں ضرور شریک ہوں ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تیاریوں کے سلسلے میں آج مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے اعلان کرتے ہوئے کہاان شاء اللہ اس بار عالمی یوم القدس 21 اپریل مطابق 29 رمضان المبار ک جمعۃ الوداع کو منایا جائے گا ۔مولانانے کہاکہ رہبر کبیر آیت اللہ العظمیٰ امام خمینیؒ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے فلسطین کے مظلوموں کی حمایت میں ،قبلۂ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے اور اسرائیل کے ظلم و تشدد کے خلاف رمضان کے آخری جمعہ کو یوم قدس منایا جاتاہے ۔اس موقع پر تمام انصاف پسند لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ جمعۃ الوداع کو آصفی مسجد میں نماز جمعہ کے بعد بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوکر مظلوموں کی حمایت کرتے ہوئے ظلم کے خلاف آوازاحتجاج بلند کریں ۔

اس مناسبت سے نائب امام جمعہ مولانا سرتاج حیدر زیدی نے خطبۂ جمعہ میں یوم قدس کی اہمیت پر تقریر کرتے ہوئے کہاکہ ہر مسلمان پر ظلم کے خلاف اور مظلوموں کی حمایت میں احتجاج فرض ہے ۔فلسطینیوں پر کس قدر تشدد کیاجارہاہے اس کی خبریں آئے دن ہمیں ملتی رہتی ہیں ۔لیکن افسوس حقوق انسانی کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ اس بربریت اور جارحیت پر خاموش ہے ۔مولانانے کہا کہ عالم اسلام کی خاموشی کی بنا پر قبلۂ اول صہیونی ریاست کا حصہ بن چکاہے ،لیکن اب مسلمان حکمران بیدار ہورہے ہیں ،اس لئے اسرائیل کے خلاف مشترکہ محاذ کی ضرورت ہے ۔

مولانا غلام رضا رضوی نے تقریر کرتے ہوئے کہاکہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو تمام مسلمانوں کی قومی اور شرعی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں احتجاج کریں ۔ماہ رمضان میں کس طرح مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی گئی اور روزہ داروں کو مارا گیا ،اس کے شواہدمیڈیا میں موجود ہیں ۔اس لئے ہمیں متحد ہوکر قبلۂ اول کی بازیابی کے لئے صدائے احتجاج بلند کرنا چاہیے۔

مجلس علمائے ہند تمام علمائے کرام ،ملّی اداروں اور سبھی مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ 29 رمضان المبارک کو جمعۃ الوداع کے روز بعد نماز جمعہ احتجاج میں ضرور شریک ہوں ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .