۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/ 7 مئی 2021 جمعۃ الوداع کو عالم یوم قدس کے موقع پر مرجعیت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنا دینی و ملّی فریضہ ادا کریں اور قبلۂ اول ’بیت المقدس کی بازیابی‘ فلسطینی مظلوموں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت و بربریت کے خلاف احتجاج کرکے استعماری طاقتوں کو یہ احساس ضرور دلائیں کہ ہم اس پرآشوب دور میں بھی ’مسئلۂ قدس ‘ سے غافل نہیں ہیں ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ عالمی یوم قدس کے پیش نظر مجلس علمائےہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ لکھنؤ مولانا سید کلب جواد نقوی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ 7 مئی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس کے موقع پر ’آن لائن احتجاج' ضرور کیا جائے تاکہ استعماری طاقتوں کو احساس ہو کہ اس پرآشوب دور میں بھی ہم مسئلہ قدس سے غافل نہیں ہیں ۔

مولانانے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر  پوری دنیا میں ’عالمی یوم قدس‘ کی ریلیاں اور احتجاجات ملتوی کردیے گئے ہیں ۔مگر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف  ’آن لائن احتجاج‘ درج کرانا بیحد ضروری ہے ۔7 مئی 2021 جمعۃ الوداع کو عالم یوم قدس کے موقع پر مرجعیت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنا دینی و ملّی فریضہ ادا کریں اور قبلۂ اول ’بیت المقدس کی بازیابی‘ فلسطینی مظلوموں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت و بربریت کے خلاف احتجاج کرکے استعماری طاقتوں کو یہ احساس ضرور دلائیں کہ ہم اس پرآشوب دور میں بھی ’مسئلۂ قدس ‘ سے غافل نہیں ہیں ۔

’آن لائن احتجاج‘ میں احتجاج کے لیے مؤثر طریقوں کا استعمال کریں ۔خاص طور پر اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات (یواے ای)کے معاہدہ کی مخالفت کریں کیونکہ اس معاہدے کے ذریعہ متحدہ عرب امارات نے فلسطینی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالاہے اور قبلہ ٔ اول کو اسرائیل کے ہاتھوں نیلام کرنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔

آن لائن احتجاج کے مؤثر طریقے :
۱۔1مئی سے 7 مئی 2021تک پورے ہفتے فلسطینی مظلوموں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مختلف طریقوں سے احتجاج میںشرکت کریں۔
۲۔فلسطین کے عوام کی مظلومیت اور اسرائیلی جارحیت کو ظاہر کرتی ہوئی تصویریں سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ پوسٹ کریں۔
۳۔7 مئی جمعۃ الوداع کے دن واٹس ایپ گروپس،پرسنل اکائونٹس،فیس بک اسٹیٹس، اور دیگر سوشل ذرائع پر ’اسرائیل مردہ باد‘ اور ’القدس لنا‘ کی ڈی پی لگائی جائے (یا دیگر موثر طریقے استعمال کیے جائیں)۔
۴۔یوم قدس کے موقع پر تمام ائمہ جمعہ ،مذہبی و سماجی تنظیمیں اوردیگر ادارے اپنی صدائے احتجاج میمورنڈم کے ذریعہ اقوام متحدہ کے دفتر، وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتراور مقامی انتظامیہ تک ایمیل کے ذریعہ ضرور پہونچائیں۔
۵۔7 مئی جمعۃ الوداع کو اپنے اپنے گھروں میں احتجاج کے مختلف طریقے اختیار کرتے ہوئے ان کی مناسب اور موثر تصویریں اور مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر نشر کریں ۔ممکن ہو تو احتجاجی بیانات اخبارات میں بھی ارسال کیے جائیں۔

مولانا نے کہا کہ مذکورہ بالا طریقوں کے علاوہ آپ جس طریقے سے بھی احتجاج درج کراسکتے ہیں،ان طریقوں کا استعمال ضرور کریں ۔عالمی یوم قدس کا انعقاد ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے اسے ہرگز فراموش نہ کریں۔
 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .