حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی یوم القدس کے موقع پر لاہور مال روڈ پر تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں باحجاب خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ارض مقدس فلسطین پر صہیونزم کی یلغار، اسلام اور مسلمانوں کے قلوب پر ایک دیرینہ زخم ہے جس میں روز بروز شدت لائی جا رہی ہے۔ یہ خونخوار بھیڑیا برطانیہ کا لگایا ہوا شجرئہ خبیثہ ہے اور امریکہ نے اس کی پرورش کی ہے ان تمام ممالک کے ساتھ پاکستان سمیت تمام مسلمان ممالک کی دوستی ہے یہ بات بھی طے ہے کہ جو کچھ بھی پہلے غزہ میں ہورہا تھا وہ ان عرب ممالک کے تعاون سے ہو رہا ہے اور جو ابھی ہو رہا ہے وہ مکمل طور پر انہی کی ایما پر ہو رہا ہے۔صہیونزم کی یلغار سے فلسطینیوں کا سینہ جبکہ خیانت و منافقت سے پشت زخمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی صہیونی حکومت نے اپنے اہداف طفل کشی، قتل و غارت، آہنی مکے اور تشدد کی مدد سے حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور اس بات کو ڈھٹائی سے بیان بھی کرتے ہیں۔ اسرائیلی جرائم کو ختم کرنے کا واحد ذریعہ اس ریاست کا خاتمہ ہے۔ ایسی ریاست جو کسی کی سوچ اور تخیل سے بعید جرائم کا ارتکاب کرتی ہے کے مقابلے کا واحد ذریعہ پر عزم اور مسلح مقابلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت اس علاقے کے لئے ایک مہلک اضافہ اور سراپا نقصان ہے جو بلا شبہ ختم اور نابود ہو جائے گی اور ان لوگوں کے ہاتھ صرف ذلت اور بدنامی لگے گی جنہوں نے اپنے تمام وسائل اس استکباری سیاست کے لئے وقف کر رکھے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر ’’القدس ریلیز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، ملتان، فیصل آباد و گلگت سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں القدس ریلیاں منعقد ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق، لاہور ریلی سے ناظم اعلی نظام المدارس منہاج القرآن انٹرنیشنل جناب علامہ میر آصف اکبر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، چیرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ محمد مخدوم عاصم صاحب، چیرمین سنی فورم علامہ اصغر عارف چشتی صاحب، آستانہ عالیہ سندر شریف و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان پیر محمد حبیب عرفانی، سربراہ جامعہ بیت القرآن علامہ مفتی سید عاشق حسین صاحب اور چیرمین قومی امن کمیٹی پاکستان ڈاکٹر سید محمود غزنوی صاحب نے بھی خطاب کیا۔