حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کی خواتین نے غزہ کے مظلوموں کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "فلسطین کا دفاع ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے"۔ اس بات کا اظہار ثمینہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان، نے جے آئی یوتھ ویمن لاہور کے زیراہتمام یکجہتی فلسطین ریلی کے دوران کیا۔ انہوں نے غزہ کی عوام کی استقامت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی خاموشی امت مسلمہ کی وحدت پر سوال اٹھاتی ہے۔
ناظمہ صوبہ پنجاب نازیہ توحید نے کہا کہ لاہور کی بیٹیاں، خاص طور پر نوجوان، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے غم میں نڈھال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں مسلمانوں کی حالت زار سے بڑھ کر کوئی مسئلہ اہم نہیں۔
ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہمیشہ اہل فلسطین کی حمایت کی ہے اور آج بھی ان کے دل فلسطینیوں کے لیے مضطرب ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں مل کر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔
مظاہرین میں شامل خواتین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا کہ غزہ ایک قید خانے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بینرز، پلے کارڈ اور پرچم اٹھا رکھے تھے اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے غبارے چھوڑے۔
یہ ریلی لاہور میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی بھرپور شرکت کے ساتھ منعقد ہوئی، جہاں انہوں نے 20 میٹر لمبا فلسطینی پرچم تھامے رکھا اور اپنے حقوق کی حمایت کے لیے متحدہ آواز بلند کی۔