حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر اسلام آباد میں شہید اسماعیل ہنیہ، شہید سید حسن نصراللہ اور شہید یحیی سنوار سے تجدید عہد کے لئے اسلام آباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس ریلی میں مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری اور سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مظاہرین سے خطاب میں اسلامی دنیا کے حکام سے کہا: اسرائیل کے مقابلے میں جمہوریہ اسلامی ایران اور استقامتی محاذ کے مجاہدین کا کردار قابل ستائش ہے۔
مقررین نے اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصراللہ اور یحیی سنوار پر دہشت گردانہ حملوں سمیت غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی شدید مذمت کی۔
ریلی کے شرکاء نے امریکا مردہ باد اور اسرائيل مردہ باد کے نعرے لگائے اور غزہ و لبنان کے خلاف فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ حامیان مظلومین فلسطین کے عنوان سے منعقدہ اس عظیم الشان ریلی میں غزہ اور لبنان کے ساتھ یکجہتی اور امریکا و اسرائیل سے برائت اور نفرت کا اعلان کیا گیا۔