حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر جنڈ، اٹک میں یوم القدس کے موقع پر شیعہ علماء کونسل جنڈ کے زیرانتظام قدس ریلی نکالی گئی۔ جس میں اتحاد بین المسلمین کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملا اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء سے حجت الاسلام لیاقت علی رانجھا، حجت الاسلام سید سعید حیدر ہمدانی، حجت الاسلام لیاقت علی اعوان، حجت الاسلام سید غیور عباس، اہل سنت والجماعت سے مولانا محمد عبد الجلیل کوہاٹی اور دیگر نے خطاب کیا۔
علماء و مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل عالم انسانیت کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، مسلمانوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ داعش اور القاعدہ بھی امریکہ کی پیداوار ہیں، مسلم ممالک امریکہ کی غلامی نہ کریں، مسلم ممالک کو مل کر امت مسلمہ کی ترجمانی کرنی چاہئے اور غزہ میں مظلوم مسلمانوں کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا: امریکہ اور اسرائیل کے ظلم کے خلاف پوری دنیا میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ عالمی دنیا کو مظلوموں کا ساتھ دینا چاہیے ظالم کا نہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریلی میں مختلف طبقات سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اور غزہ و فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔
آپ کا تبصرہ