حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نے لاہور میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام وحدت کا درس دیتا ہے، منفی سوچ انسان کو انسانیت سے گرا دیتی ہے، بے ضرر انسان سے سب محبت کرتے ہیں، خود غرضی انسانیت کی موت ہے، لہٰذا انسانیت کی قدر کریں، ذات پات کے معاملے سے باہر نکلیں۔ شریعتِ محمدی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم میں سوائے متقی شخص کے کسی کو کسی پر کوئی برتری نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآنِ مجید کے مطابق، قومیں پیشے کی وجہ سے بنا لی ہیں اور خاندان بھی پہچان کے لئے ہیں۔
آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نے اہل ایمان پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ مشترکات کی بنا پر زندگی گزاریں، کچھ لوگ ہمارے ساتھ اللہ کی وحدانیت کی بنا پر برابر ہیں، کچھ رسالت کی بنا پر کچھ انسانیت کی کی بنا پر، لہٰذا سب کا احترام کریں، کسی کو مت دھتکاریں، مثبت زندگی گزاریں اور مثبت سوچ رکھیں، کیونکہ مثبت کردار کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔