۱۱ آبان ۱۴۰۳ |۲۸ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Nov 1, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر جوہی پہنچے، جہاں ایم ڈبلیو ایم جوہی کے رہنما اعجاز علی لغاری، سائیں عابد علی لغاری و دیگر نے سٹی گیٹ پر ان کا استقبال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ مقصود علی ڈومکی نے مسجد الحسینی جوہی میں مؤمنین کرام اور تنظیمی ذمہ داران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا، اجلاس میں قصبو گاؤں میں عشرۂ محرم الحرام کے دوران عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف درج مقدمات اور یوم عاشوراء کے جلوس پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

دادو ضلع میں عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج افسوسناک عمل ہے

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت اور ہمارا آئینی حق ہے، اس سال دادو ضلع میں عزاداروں کے خلاف تین مقدمات کا اندراج افسوسناک عمل ہے۔ پولیس اور انتظامیہ عزاداروں کے خلاف درج مقدمات واپس لیں۔

انہوں نے کہا کہ عشق امام حسین علیہ السلام میں صعوبتیں اور آزمائشیں برداشت کرنا کوئی مسئلہ نہیں، ہر دور کے حسینیوں نے ذکر امام مظلوم قائم رکھنے اور عزاداری کے لئے قربانیاں دیں۔ عزاداروں کو عنقریب ان مشکلات کا بہترین بدلہ دیا جائے گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی ضلع دادو اور جوہی کی قیادت قصبہ میں عزاداروں کے خلاف درج مقدمات کے سلسلے میں مؤمنین کے خدشات کا ازالہ یقینی بناتے ہوئے ان مقدمات کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔

در ایں اثناء قصبہ یونین کونسل کے چیئرمین پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما عبدالجبار لغاری اور پروفیسر ذوالفقار علی لغاری نے علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کی اور انہیں قصبو سٹی، میں یوم عاشوراء کے جلوس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے میں تمام مکاتب فکر بشمول اہل تشیع کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ قصبو شہر میں قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کے لئے میں مکمل تعاون کروں گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .