جمعہ 27 دسمبر 2024 - 07:30
حضرت مسیح علیہ السلام عالم انسانیت کے عظیم رہبر اور رہنماء ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ جیکب آباد کے چرچ میں مسیحی رہنماء سے ملاقات کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حضرت مسیح علیہ السلام نے صبر اور برداشت کی جو تعلیم دی وہ آج ہمارے معاشرے کی عدم برداشت کیلئے بہترین نسخہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ الصلوۃ والسلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ جیکب آباد کے چرچ کا دورہ کیا اور پادری شیرون یوسف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی گئی اور عالم انسانیت کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا پیغام دیا گیا۔

وفد میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کی تعلیمات امن، محبت، صبر اور برداشت کا درس دیتی ہیں، جو آج کے معاشرے میں عدم برداشت کے مسئلے کے حل کے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے ماننے والوں کا ایک حسین گلدستہ ہے، اور مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی اور احترام انسانیت کی داعی جماعت ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے جڑانوالہ میں مسیحی برادری کے گھروں اور عبادت گاہوں پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی اور بتایا کہ اس شرمناک عمل کے خلاف کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔

علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسیحی برادری نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اہل بیت علیہم السلام سے خصوصی عقیدت رکھتی ہے اور ہر سال کربلا میں حاضری دے کر شہدائے کربلا سے اپنے عشق کا اظہار کرتی ہے۔

پادری شیرون یوسف نے علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ سید ظفر عباس شمسی کو انجیل مقدس کا تحفہ پیش کیا اور ان کے اس خیر سگالی اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ یہ ملاقات بین المذاہب ہم آہنگی اور احترام انسانیت کے فروغ کا عملی مظاہرہ تھی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha