حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 55واں سالانہ مرکزی کنونشن بعنوان تحریکِ حسینی 25 تا 27 اکتوبر 2024 سیہون ڈوائن ہوٹل سیہون شریف صوبۂ سندھ میں منعقد ہوا، جس میں اضلاع، ڈویژنز اور مرکز کی سالانہ کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق، ہفتے کو مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونٹ کے صدور، اضلاع، ڈویژنز اور مرکزی کابینہ کے عہدیداروں نے نئے مرکزی صدر کے انتخاب کیلئے ووٹ دیا۔
مرکزی کنونشن کے آخری روز جلسہ عام بعنوان یومِ سیدہ زینب سلام علیہا کا انعقاد کیا گیا، جس میں علامہ رضا محمد سعیدی نے سال 2024-25 کیلئے اکثریت رائے سے منتخب ہونے والے اصغریہ اسٹوڈنٹس کے نئے مرکزی صدر ثقلین علی جعفری کے نام کا اعلان کیا، کارکنان نے بھرپور انداز میں نئے مرکزی صدر کا استقبال کرتے ہوئے انہیں اسٹیج تک پہنچایا، جس کے بعد نئے مرکزی صدر نے عہدے کا حلف اٹھایا۔ بعد ازاں نو منتخب مرکزی صدر ثقلین علی جعفری نے شرکائے کنونشن سے خطاب کیا۔
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی کنونشن کا اختتام، دعائے سلامتی امام زمانہ عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف سے کیا گیا۔