۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے محب وطن باسیوں پر ایف آئی آرز کا اندراج اور انہیں فورتھ شیڈول میں ڈالنا شرمناک عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں یہ بیان کرتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کا اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں پر عمل نہ کروانا اس کے وجود پر سوالیہ نشان ہے، کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے محب وطن باسیوں پر ایف آئی آرز کا اندراج اور انہیں فورتھ شیڈول میں ڈالنا شرمناک ہے، زمینوں کے مسائل کو مسلکی تنازعہ بنایا جا رہا ہے، لوگ آپس میں بیٹھ کر مسائل حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام جواب لے کر رہیں گے، گلگت بلتستان میں بہترین زمینوں پر حکومت قبضہ کر رہی ہے، گرین سیاحت کی آڑ میں مقامی لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جانا قابلِ قبول نہیں ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی وہاں پر زمین کم ہے، گلگت بلتستان کے لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، گلگت بلتستان میں زمینوں پر قبضہ افسوسناک ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، اگر کل گلگت کے حالات بدتر ہوئے تو حکومت اور ادارے ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے عوامی مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے دکھ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھے ہیں، کم نہیں ہوئے، ہم نے ہمیشہ آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کی ہے، اپنے تمام دوستوں کو آگاہ کرتا ہوں کہ احتجاج کی تیاری کریں، ہم نے ظلم کے خلاف چپ نہیں رہنا ہے، ہماری آواز مظلوم عوام کے لیے ہے، کسی حاکم یا حکومت کے لیے نہیں ہے، ہم بلوچستان کی عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، وہاں کے وسائل پر سب سے پہلے مقامی افراد کا حق بنتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .