حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پارا چنار کے مسئلے کے مستقل حل اور وہاں کے عوام سے اظہارِ یکجہتی اور راستوں کی بندش اور فلسطین و لبنان میں جاری مظالم کے خلاف شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان کے زیر اہتمام نمازِ جمعہ کے بعد عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے صدر علامہ شیخ مرزا نے پاکستان اور عالمی سطح پر جاری مظالم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ظلم کی تاریخ رقم ہو رہی ہے؛ پارا چنار کی سرزمین ہو یا فلسطین کی سرزمین، قاتل ایک ہے، ظالم ایک ہے، مظلوم بھی ایک ہے، جس طرح سے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے فرمایا تھا کہ دنیا میں جہاں بھی ظلم ہو رہا ہو اس کے پیچھے شیطان بزرگ امریکہ ہے، لہٰذا دنیا بالخصوص پاکستانی میڈیا جان لے کہ پارا چنار میں نہ ہی زمینی تنازعات، نہ ہی تفرقہ بازی اور نہ ہی مسلکی رنجش ہے، بلکہ وہاں امریکہ ملوث ہے۔
انہوں نے پارا چنار معاملے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے، لہٰذا امریکہ پارا چنار میں کبھی مسلکی منافرت پیدا کرتا ہے اور کبھی مذہب کے نام پر خون کی ندیاں بہاتا ہے۔
علامہ شیخ مرزا علی نے گلگت بلتستان کے ماضی کے دلخراش دہشت گردانہ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں اب تک جتنے بھی دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے ہیں چاہے وہ شہید ضیاء الدین کی شہادت ہو، چاہے 1981 کا واقعہ ہو، چاہے چلاس کا واقعہ ہو، ان سب کے پیچھے شیطان بزرگ امریکہ ہی تھا۔
مقررین نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج فلسطینی تمام فرعونوں اور یزیدیوں کو للکار رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ دشمن اگر فلسطین، لبنان پر بمباری اور پارا چنار کا محاصرہ کرتا ہے تو یہ سن لو کہ ہم آخری سانس تک مظلومین کے ساتھ ہوں گے۔
مقررین نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان یا دنیور ہم سب فلسطینی اور لبنانی سمیت پارا چنار کے مظلوموں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اجتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد اور نمازیوں نے شرکت کی اور ہاتھوں میں پلے کارڈز لیے امریکہ اور غاصب اسرائیل کے خلاف زبردست نعرہ بازی بھی کی۔