حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک بلتستان ڈیویژن کی جانب سے حمایت فلسطین و ثمرات نظام ولایت کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس سکردو میں منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام سمیت مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
حمایت فلسطین اور نظام ولایت فقیہ کانفرنس میں امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری، صدر انجمنِ امامیہ بلتستان آغا باقر الحسینی، امام جمعہ گہوری حجت الاسلام سید علی موسوی، امام جمعہ گمبہ سکردو آغا سید احمد شاہ الحسینی، صوبائی صدر اسلامی تحریک علامہ شیخ مرزا علی و علماء و زعماء شریک ہوئے۔
کانفرنس کے میزبان اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین شیخ مرزا علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء محفل کو خیر مقدم کہا اور مسئلہ فلسطین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انجمنِ امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر الحسینی نے راہ قدس کے شہید سید حسن نصر اللہ، اسماعیل ہانیہ اور دیگر شہداء کی شہادت پر ولی فقیہ حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی حسینی خامنہ ای و حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قدس کی آزادی، شہید سید حسن نصر اللہ کی آرزو تھی اور اسی آرزو کے حصول میں جدو جہد جاری رکھتے ہوئے شہدائے کربلا کی صف میں شامل ہوگئے۔
حمایت فلسطین اور ولایت فقیہ کے ثمرات کے عنوان سے منعقدہ اس عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ ولایتِ فقیہ، یعنی حکومت فقیہ، جس طرح مولائے کائنات کی حکومت میں بہت سارے مسائل اور مشکلات کا سامنا تھا اسی طرح ولی فقیہ کے سامنے بہت سارے چیلنجوں اور مسائل ہیں اور ان مسائل کا اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے حل نکالنا اور دشمنوں کا مقابلہ کرنا یقیناً بہت مشکل کام ہے، لیکن ناممکن نہیں ہے اور
اسی وجہ سے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے انقلاب کامیاب ہوتے ہی ایران میں موجود اسرائیلی سفارت خانے کو فلسطینی سفارت خانے میں تبدیل کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عملی طور پر مظلوموں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، لہٰذا تمام علمائے کرام سے گزارش ہے کہ ممبروں سے اس حوالے سے مؤمنین کو آگاہ کریں اور معاونت کے بارے میں تاکید کریں۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ ان شاء اللہ بہت جلد غاصب اسرائیل کا ناپاک وجود اس کائنات سے ختم ہو جائے گا اور حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کو کامیابی ملے گی۔