حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ تہران حجت الإسلام والمسلمین سید محمد حسن ابو ترابی فرد نے تہران یونیورسٹی میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان کے مزاحمتی رہنما سید حسن نصر اللہ کے چہلم کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتا ہوں۔ شہید سید حسن نصر اللّٰہ نے رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی امام سید علی حسینی خامنہ ای کے ایک طاقتور بازو کی حیثیت سے خطے کا سیاسی توازن بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
خطیبِ نمازِ جمعۂ تہران نے مزید کہا کہ شہید حسن نصر اللہ جیسوں نے مکڑے کے جالے سے بھی کمزور غاصب صیہونی حکومت کو ذلیل کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ، اسماعیل ہنیہ، سردار سلیمانی اور یحییٰ السنوار جیسے عظیم کمانڈروں نے ہمیں یہی درس دیا کہ اللہ کے حکم سے چھوٹی جماعتیں بڑے لشکر بھی غالب آتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید یحیٰی السنوار نے آخری وقت ایک لکڑی سے صیہونی دشمن کی طرف اشارہ کرکے امت مسلمہ اور مقاومتی مجاہدین کو بتایا کہ ان کا معمولی اسلحہ دشمن کے جدید ہتھیار کو ناکارہ بنا سکتا ہے۔
حجت الاسلام ابو ترابی فرد نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران، غزہ کے عوام پر 85 ہزار ٹن بم اور میزائل گرائے گئے ہیں، لیکن غزہ کے عوام ابھی تک پہاڑوں کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔