حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے "جبل عامل" کانفرنس میں شامل علماء اور سیاسی و علمی شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے ایک جامع پیغام دیا، جس میں علماء کی تاریخی اہمیت اور ان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
انہوں نے کہا کہ علماء کا کردار تاریخ اسلام میں ہمیشہ سے نمایاں اور موثر رہا ہے۔ عالم متقی اور مجاہد وہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ سے دین کی حفاظت کی ہے اور اس میں خاص طور پر جبل عامل کے علماء کا کردار نمایاں رہا ہے، جنہوں نے شیخ بہائی، شہید اول، شہید ثانی، محقق کرکی اور علامہ امینی جیسے عظیم ہستیوں کو جنم دیا۔
حضرت آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا کہ آج کے دور میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصراللہ جیسے مجاہد عالم نے مقاومت میں نیا باب رقم کیا ہے، جس نے اپنی حکمت اور شجاعت کے ساتھ اسرائیل کے ناپاک عزائم کو شکست دی اور حریت پسندوں کے لئے نئی راہیں ہموار کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام محور مقاومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنی مسلح افواج کے ذریعہ اسرائیل کی تمام حرکات پر کڑی نگاہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی رہنمائی میں مقاومت کا یہ محاذ فتح یاب ہوگا۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے غزہ، لبنان، شام، عراق اور ایران کے تمام شہداء، بالخصوص سید مقاومت سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس کانفرنس کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔