حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی نے شام کے حالیہ حالات و واقعات پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔ ان کے اس پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
خطے کے حالیہ واقعات، خصوصاً شام میں پیش آنے والے حالات و واقعات نے صیہونی حکومت کے مزید مظالم کے لیے زمین ہموار کر دی ہے اور اس سفاک اور غیر قانونی حکومت کی درندگی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
یہ بلا شک و شبہ امریکہ اور اسرائیل کی باہمی سازش ہے جو ایک دہشت گرد گروہ کے ذریعے انجام دی جا رہی ہے۔ آج دنیا کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ یہ تمام اقدامات صیہونی مجرموں کی مدد کے لیے کئے جا رہے ہیں۔
غزہ، جنوبی لبنان، اور اب شام کے عوامی وسائل کی تباہی، بنیادی ڈھانچوں کی بربادی، سائنسدانوں کا قتل اور شام کی زمینوں پر قبضہ، ان سب کے ساتھ علاقائی حکومتوں کی خاموشی اور بعض ہمسایہ ممالک کی بے حسی یا حتی تعاون، اسی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے۔ لیکن وہ یہ سمجھ لیں کہ جو کوئی اس جرم میں صیہونی حکومت کا ساتھ دے گا، خود بھی اس کا شکار ہوگا جیسا کہ امام خمینی رہ نے فرمایا، "اسرائیل اپنے لیے کسی حد و حدود کو نہیں مانتا اور ہمیشہ جارحیت کے بارے میں سوچتا ہے۔"
اہم بات یہ ہے کہ آج عالمی میڈیا، جو امریکی ڈالروں سے چلایا جا رہا ہے، یہ باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ مقاومتی محاذ ناکام ہو چکا اور ایران پہلے سے کمزور ہو چکا ہے۔
اس کا جواب چند روز قبل رہبر معظم انقلاب نے اپنی جامع حکمت اور سکون و اطمینان کے ساتھ دیا کہ "یہ محاذ شکست کھانے کے بجائے خدا کے فضل سے مضبوط تر ہو چکا ہے۔ شام کا مسئلہ بھی اس ملک کے بہادر نوجوانوں کے ذریعے حل ہو گا اور جمہوری اسلامی ایران زیادہ قوت کے ساتھ ان جرائم کا مقابلہ کرتا رہے گا"۔
میں بھی اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ حتمی فتح بہت جلد نصیب ہو گی۔
ضروری ہے کہ اہل علم اور خواص، میڈیا کی جنگ کے پیش نظر اس مسئلے کو بیان کریں اور دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کریں، جو اسلامی معاشرہ میں مایوسی پھیلانے اور اپنے تئیں جمہوری اسلامی ایران کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
مقاومتی محاذ کو بھی یقین ہونا چاہیے کہ ان کے بہائے گئے خون رائیگاں نہیں جائیں گے اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
«إِنْ تَنْصُرُوا اللَّهَ یَنْصُرْکُمْ وَیُثَبِّتْ أَقْدَامَکُمْ»
قم المقدسہ
۲۳ آذر ۱۴۰۳شمسی / 13 دسمبر 2024ء
حسین نوری ہمدانی
آپ کا تبصرہ