جمعہ 29 اگست 2025 - 14:34
"اسنیپ بیک میکانزم" نفسیاتی جنگ ہے، اصل معرکہ معیشت و ثقافت کا ہے: آیت اللہ علم الهدی

حوزہ/ مشہد مقدس میں نماز جمعہ کے خطبے میں آیت اللہ سید احمد علم الهدی نے کہا کہ دشمن "اسنیپ بیک میکانزم" کو ہتھیار بنا کر ایرانی عوام کے حوصلے توڑنے اور معیشت و ثقافت پر ضرب لگانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ملت ایران کے اتحاد، بصیرت اور استقامت کے سامنے یہ سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد مقدس کے امام جمعہ اور خراسان رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ سید احمد علم الهدی نے جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ ایران کے خلاف دشمن کی جنگ اب صرف فوجی محاذ تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ ایک "جنگِ ترکیبی" کی شکل اختیار کر چکی ہے جس میں سیاست، معیشت، ثقافت اور میڈیا سبھی شامل ہیں۔ ان کے بقول، امریکہ اور اس کے اتحادی ایرانی عوام کو ڈرانے اور ان کے ایمان کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن جان بوجھ کر بے حیائی اور اخلاقی انحراف کو فروغ دے رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو دینی اقدار سے دور کر دے۔ "اگر ہمارے جوان امام حسینؑ اور امام زمانہؑ سے جذباتی و اعتقادی رشتہ کھو بیٹھیں تو پھر وہ دشمن کے مقابلے میں ڈٹے نہیں رہ سکیں گے۔" اسی طرح آیت اللہ علم الهدی نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حجاب اسلامی کو کمزور کرنا دشمن کے منصوبے میں شریک ہونے کے مترادف ہے، لہٰذا اس میدان میں استقامت ضروری ہے۔

امام جمعہ مشہد نے یہ بھی کہا کہ دشمن کا ایک اور حربہ عوام کے اعتماد کو کمزور کرنا ہے۔ "آج یہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ ٹی وی، ریڈیو اور حتیٰ کہ رہبر انقلاب کی باتوں پر بھی دھیان نہ دیا جائے۔ مقصد صرف اور صرف بدگمانی پھیلانا اور ملت کو قیادت سے جدا کرنا ہے۔"

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "اسنیپ بیک میکانزم" دراصل ایک نفسیاتی کھیل ہے تاکہ ایرانی قوم کو مصنوعی بحران کے ڈر سے مفلوج کر دیا جائے۔ ان کے بقول، اگر عوام اور ذمہ داران ہوشیار رہیں اور معیشتی و ثقافتی میدان کو مضبوط کریں تو دشمن کی یہ سازش بھی ناکام ہو گی۔

آیت اللہ علم الهدی نے یاد دلایا کہ ۴۵ برسوں میں ملت ایران نے بارہا دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ "جنگ ہو یا تحریم، ٹارگٹ کلنگ ہو یا پروپیگنڈا، اس قوم نے ہمیشہ وحدت اور ایمان کے ذریعے دشمن کو شکست دی ہے۔ آج بھی اگر ہم بصیرت اور استقامت کے ساتھ ڈٹے رہیں تو فتح یقینی ہے اور امریکہ و صیہونی حکومت کو ایک بار پھر ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha