حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے ماہ مبارک میں قرآن کی اہمیت پر گفتگو کرتے ھوئے کہا: ہر چیز کا موسم ہوتا ہے۔ قران کی بہار کا موسم ماہ رمضان المبارک ہے۔
انہوں نے کہا: استعمار اور طاغوت کی سازش ہے کہ نوجوان نسل کو علوم قران سے دور رکھا جائے تاکہ معاشرہ میں برائیوں میں اضافہ ہو۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: آج آزادی کے نام پر جو فحاشی کا عروج ہے اس کی بڑی وجہ قرآن سے دوری ہے۔ ہمیشہ کچھ قوتوں نے قرآن جیسی مقدس کتاب کی بے حرمتی کر کے مسلمانوں کے جذبات اور ایمان پر حملے کیے ہیں۔ ایسے حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا: قرآن کے ذریعے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے۔ علوم قرآن تک تمام طبقات کی رسائی کو ممکن بنایا جائے۔
قرآنی معجزات انسان کو کمالات تک پہنچاتے ہیں۔ ماہ مبارک میں تعلیم قرآن کو عام کرنا اس مبارک ماہ کا تقاضا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ واحد مذھب اسلام ہے جو تمام طبقات کے مقدسات کو تحفظ دیتا ہے اور انتشار پھیلانے سے منع کرتا ہے۔
ملبورن کے امام جمعہ نے مزید کہا: امام امت امام خمینی (رح) نے اس ماہ مقدس کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا ہے جو کہ ایک قرآنی پیغام ہے اور ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے مستضعفین کی آواز ہے۔ اس آواز کو دنیا تک پہنچانا اسلامی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے تاکہ دنیا سے ظلم کا خاتمہ ہو سکے۔