حوزه نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما اور سابق ممبر بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کمیٹی حکومت پاکستان علامہ اشفاق وحیدی نے استقبال ماہ رمضان کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا: ماہ رمضان اور روزے کا فلسفہ یہ ہے کہ آپ بھوک و پیاس برداشت کر کے معاشرے میں غریب، مفلس اور مستضعفین کا احساس کریں۔
انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ نے سال میں ایک ماہ اپنے بندے کو اپنا مہمان بنانا ہے جس کا جاگنا سونا بیٹھنا حتی کہ انسان کا ہر وہ فعل جو اللہ سبحانہ تعالیٰ کے تابع ہے ایک تسبیح کے ثواب کے برابر قرار دیا ہے۔ پس ہمیں اس ماہ میں توبہ و استغفار اور مناجات و دعا کر کے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا ہے تاکہ معاشرے کا ایک بہترین انسان بن جائیں۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: حضرت امام خمینی رح نے ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا ہے۔ اس دن قبلہ اول کی آزادی کے لیے اور غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا فرض ہے۔
انہوں نے مزید کہا: آج دنیا کو جن مشکلات کا سامنا ہے اس کا سبب انہیں مناسب انسانی حقوق کا نہ ملنا ہے جس کی وجہ سے معاشرے کا ہر انسان پریشان نظر آتا ہے ۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے کہا: جب تک عوام کو مساوی حقوق دلوانے کے لیے حکمران پالیسیاں مرتب نہیں کریں گے لوگ خوشحالی کی زندگی بسر نہی کر سکیں گے۔









آپ کا تبصرہ